سری لنکا کیخلاف سیریز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، مصباح

شائع August 5, 2014
۔—اے پی فوٹو۔
۔—اے پی فوٹو۔

گال: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بدھ کے روز سے دو ٹیسٹوں پر مشتمل سیریز کا آغاز ہورہا ہے جہاں دونوں ٹیموں کو بالکل مختلف قسم کی دشواریوں کا سامنا ہے۔

پاکستان نے رواں سال جنوری کے بعد سے کسی ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لیا جبکہ دوسری جانب سری لنکن ٹیم لگاتار سیریز کھیلتی آرہی ہے اور کپتان انجیلو میتھیوز کے مطابق کھلاڑی دماغی و جسمانی طور پر تھکن کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک چیلنج ہوگا، ہم لگاتار کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کے باعث دماغی و جسمانی طور پر تھکن ہوجاتی ہے لیکن ہم اسے ایک چیلنج سمجھ کر کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے سیریز میں سیمر سرنگا لکمل کی غیر موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیریز میں ٹخنے کی انجری کے باعث حصہ نہیں لے پائیں گے۔

میتھیوز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آرام کو موقع ملا ہے لیکن اس وجہ سے ان کی کارکردگی پر منفی اثرات بھی مرتب ہوسکتے ہیں تاہم ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم 2006 کے بعد سری لنکا میں کوئی سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سیریز کے لیے بہترین تیاری کی ہے اور ٹریننگ کیمپ میں فٹنس پر کام کیا گیا ہے جبکہ تمام کھلاڑی سیریز کو لیکر بہت جوش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اپنی ہوم کنڈیشنز میں بہت مضبوط ٹیم ہے اور ہمیں ان کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مصباح نے کہا کہ ان کی ٹیم تجربہ کار سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردھنے کو سیریز کے دوران ہدف بنائیں گے کیوں کہ وہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے وردھنے دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور ہم انہیں اسکور نہیں کرنے دینا چاہتے اور ہمارا ہدف انہیں جلد سے جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ جے وردھنے سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

انہوں نے 147 ٹیسٹ میچوں میں 11671 رنز بنا رکھے ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں بلے بازوں کی فہرست میں ان کا چھٹا نمبر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025