سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی کا سرقلم
ریاض : سعودی عرب میں ایک افغان کو قتل کرنے کے جرم پر ایک پاکستانی شہری کا سر قلم کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے نے وارت داخلہ کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستانی شہری محمد ایوب عجب خان کو افغان شخص خیر محمد ساز کو بھاری چیز سے وار کرکے مارنے پر سزا دی گئی۔
اس سزا کے بعد رواں برس سعودی عرب میں سزائے موت پانے والے ملزمان کی تعداد 34 ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ برس 78 افراد کو یہ سزا سنائی گئی تھی۔
سعودی عرب میں ایشیائی ممالک خصوصاً پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
اس سے قبل پیر کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں سعودی عرب میں سزائے موت دینے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
گزشتہ برس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے بھی اسی قسم کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں عصمت دری، قتل، مسلح ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے جرائم پر موت کی سزا دی جاتی ہے۔