لاہور لائنز کو انڈین ویزے مل گئے

شائع September 8, 2014
لاہور لائنز۔ — اے پی پی فوٹو
لاہور لائنز۔ — اے پی پی فوٹو

لاہور: پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لاہور لائنزکو انڈیا میں کھیلے جانے والی چیمپئنز لیگ کے لئے بلاآخر پیر کو ویزے مل گئے۔

محمد حفیظ کی کپتانی میں لاہور لائنز منگل کو روانہ ہو گی، جہاں وہ تیرہ ستمبر سے رائے پور میں شروع ہونے والے کوالی فائنگ راؤنڈ میں حصہ لے گی۔

ٹیم میں پاکستان 'اے' کے تقریباً تمام ہی کھلاڑی ہیں ۔اس کے علاوہ انٹرنیشنل سٹارز عمر اکمل، احمد شہزاد، وہاب ریاض، ناصر جمشید اور اعزاز چیمہ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

چار ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے کوالی فائنگ راؤنڈ میں لاہور لائنز کا پہلا مقابلہ ممبئی انڈینز سے ہو گا جس کے بعدوہ سری لنکا کی ستھرن ایکسپریس اور نیوزی لینڈ کی نارتھرن ڈسٹرکٹ کے مدمقابل ہو گی۔

کوالی فائنگ میں دو ٹاپ ٹیمیں سترہ ستمبر سے شروع ہونے والے مرکزی راؤنڈز میں آٹھ ٹیموں کے ساتھ شامل ہو جائیں گی۔

لاہور لائنز کے کپتان حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑی سفیر کے طور پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

حفیظ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ انڈیا محبت کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔' میں جانتا ہوں کہ وہ پاکستان اور یہاں کے کھلاڑیوں سے کتنا پیار کرتے ہیں'۔

'ہمارا مقصد صرف میدان میں اچھا کھیلنا نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی اچھا کردار ادا کرنا ہے'۔

حفیظ کے مطابق، پاکستان اور انڈیا کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور امید ہے کہ وہاں ٹیم کا اچھا وقت گزرے گا۔

خیال رہے کہ ایونٹ کے مرکزی راؤنڈ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی آٹھ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستان نے 2012 جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی چیمپئنز لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا۔

اس ایڈیشن میں سیالکوٹ سٹالیئنز کوالی فائنگ راؤنڈ میں ہی ناکام ہوکر وطن واپس لوٹ گئی تھی۔

اگلے سال 2013 انڈیا میں مصباح الحق کی فیصل آباد وولوز کا مقدر بھی کچھ مختلف نہیں تھا۔

تاہم اس مرتبہ حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم مرکزی راؤنڈ میں پہنچ کر اچھی پرفارمنس دے گی۔

'بطور ٹیم ہم پچھلے دو سالوں سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔ اس مرتبہ سکواڈ متوازن ہے اور مقامی سرکٹ سے جارحانہ کھلاڑیوں کی شمولیت کی وجہ سے ہم بہترین ٹیموں کو ٹکر دیں گے'۔

لاہور لائنز کے انڈیا جانے کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سن 2008 ممبئی حملوں کے بعد پاکستان-انڈیا تعلقات میں سرد مہری آ گئی تھی۔

تاہم رواں سال جولائی میں دونوں ملکوں نے اگلے آٹھ سالوں میں چھ سیریز کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ان میں سے پہلی سیریز پاکستان کی میزبانی میں دسمبر، 2015 میں نیوٹرل مقام پر ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025