'آگے بڑھیں اور اجمل کی کمی پوری کریں'

شائع October 4, 2014
سینئر باؤلرز آگے بڑھیں اور پرفارم کریں، وقار یونس۔ — فائل فوٹو
سینئر باؤلرز آگے بڑھیں اور پرفارم کریں، وقار یونس۔ — فائل فوٹو

دبئی: پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے باؤلرز پر زور دیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آگے بڑھیں اور آف اسپنر سعید اجمل کی کمی کو پورا کریں۔

ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود اجمل غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی کا شکار ہیں۔

اتوار کو دبئی میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے شروع ہونے والی سیریز میں پاکستان اجمل کی کمی بری طرح محسوس کرے گا۔

گزشتہ مہینے اپنی 37 ویں سالگرہ منانے والے اجمل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 85 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

وقار نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو اس حقیقت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے کہ اجمل دستیاب نہیں۔

'اجمل پچھلے سات سالوں سے صف اول کا کھلاڑی رہے ہیں لیکن اب ہمیں کچھ نئے لڑکے ڈھونڈنا ہوں گے اور یہ یقینی بنانا ہو گا کہ نوجوان کرکٹر پرفارم کریں'۔

پاکستان نے 22 سالہ لیفٹ آرم سپنر رضا حسن کو اجمل کے متبادل کے طور پر منتخب کیا ہے اور وقار کہتے ہیں کہ حسن امیدوں پر پورا اتریں گے۔

'یہ ایک طرح سے رضا جیسے نوجوان سپنرز کے لئے بہترین موقع ہے جبکہ سینئر باؤلرز بھی آگے بڑھیں اور پرفارم کریں'۔

ستاسی ٹیسٹ اور 262 ون ڈے میچ کھیلنے والے وقار نے کہا کہ اجمل کی غیر موجودگی سے ٹیم پر فرق نہیں پڑنا چاہیئے۔

'اجمل کے بغیر چیزیں بہت مختلف ہیں اورہمیں ٹیم کی طرح بہت سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا'۔

'چونکہ اجمل ٹیم کا حصہ نہیں ہیں تو ایسے میں ہمیں کیا کرنا چاہیئے؟کیا ہمیں میچ ہارنا شروع کر دینا چاہیئے؟'

'میرے خیال میں یہ بہت منفی سوچ ہے۔ ہمیں مثبت سوچتے ہوئے یقینی بنانا ہو گا کہ باؤلر پرفارم کریں'۔

وقار نے زور دے کر کہا کہ دو مہینے پہلے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ٹیم کو دوبارہ اٹھنا ہو گا۔

'میرے خیال میں پہلا کام جو ہمیں کرنا چاہیئے وہ آسٹریلیا کے مقابلے میں بہتر کھیلنا ہے۔ ہمارے لیے اہم ہے کہ ہم اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلیں'۔

فروری میں ورلڈ کپ کے حوالے سے وقار کا کہنا تھا: آسٹریلیا کی طرح ہماری نوجوان ٹیم بھی اچھی ہے۔ میرے خیال میں مقابلہ اچھا ہو گا کیونکہ دونوں ٹیمیں ایک طرح سے ورلڈ کپ کی تیاری کر رہی ہیں لہذا یہ دونوں کے لئے ایک اچھا موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025