وسطی افریقین ری پبلک میں پاکستانی فوجی ہلاک
اقوام متحدہ: وسطی افریقین ری پبلک میں اقوام متحدہ کےامن مشن پر ہونے والے ایک حملہ میں پاکستانی اہلکار ہلاک ہو گیا۔
یو این حکام نے جمعرات کو بتایا کہ داراحکومت بانگوئی میں مشترکہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی امن مشن کے قافلہ پر حملہ میں ایک اہلکار شدید زخمی جبکہ سات معمولی زخمی بھی ہوئے۔
یو این مشن کے سربراہ نے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا : یو این امن مشن پر حملہ ناقابل قبول ہے، حملہ آوروں کو انصاف کے کٹھرے میں لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ مارچ، 2013 میں بغاوت کے بعد وسطی افریقین ری پبلک خون ریزی اور انارکی کا شکار ہو گیا تھا، جس کے بعد افریقی ملکوں کے فوجیوں کو یہاں بھیجا گیا۔
حملہ کا نشانہ بننے والے مشن نے ایک مہینے پہلے ہی یہاں چارج سنبھالا تھا۔
مہینوں سکون کے بعد بانگوئی گزشتہ دو دنوں سے مسلمانوں اور عیسائی آبادی کے درمیان پرتشدد واقعات کی لپیٹ میں ہے۔
شہر میں موجود یو این ذرائع کے مطابق، ان پر تشدد واقعات میں اب تک کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔
یو این مشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ ان کی فورسز 'ہاتھوں سے نکلتی مشکل صورتحال' پر قابو پانے کے لئے 'سخت ایکشن' لیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی سے شمالی مالی میں حملوں کی لہر میں اب تک 31 امن مشن کے اہلکار مارے جا چکے ہیں۔