گوگل کی نئی ہندی ویب سائٹ

شائع November 3, 2014
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

نئی دہلی: گوگل نے انڈیا میں انگریزی نہ سمجھنے والوں کیلئے ہندی زبان میں ایک نئی ویب سائٹ شروع کر نے کا اعلان کیا ہے۔

نئی ویب سائٹ ' www.hindiweb.com' کا مقصد ملک میں زبان کی ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنا اورانٹرنیٹ استعمال کرنے والےمزید تیس کروڑ ہندوستانیوں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ انڈیا میں تقریباً تمام ہی 19 کروڑ 80 لاکھ انگریزی بولنے والے آن لائن ہیں اور اب گوگل انگریزی زبان نہ سمجھنے والے انٹرنیٹ صارفین تک پہنچنا چاہتا ہے۔

اس مقصد کے لیے گوگل نے انڈیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ہندی زبان سے شروعات کی ہے کیونکہ انڈیا میں تقریباً 40 کروڑ لوگ یہ زبان استعمال کرتے ہیں۔

گوگل انڈیا کے مینیجنگ ڈائریکٹر راجن آننددان نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت انڈیا میں بیس کروڑ انٹرنیٹ صارفین ہیں اور 2017 میں یہ تعداد 50 کروڑ تک پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ انگریزی نہ سمجھنے والوں تک انٹرنیٹ کی رسائی ہو جائے۔

آنند دان نے کہا کہ نئی ویب سائٹ میں کئی ہندوستانیوں کو معاشی اور سماجی طور پر خود انحصار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

'سمارٹ فونز کے انقلاب کے سبب اگلے کچھ سالوں میں لاکھوں ہندوستانی پہلی بار آن لائن ہو جائیں گے'۔

اب تک انڈیا میں زیادہ تر بااثر، شہری اور انگریزی سمجھنے والا متوسط طبقہ ہی انٹرنیٹ سے مستفید ہو رہا تھا لیکن ہر مہینے لاکھوں سستے سمارٹ فونز فروخت ہونے سے بہت زیادہ لوگ آن لائن آنے لگے ہیں تاہم ایسے لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ انہیں اپنی زبانوں میں انٹرنیٹ پر مواد دستیاب نہیں۔

آننددان کہتے ہیں کہ 'ہمیں ایسے ہی لوگوں کیلئےمختلف زبانوںمیں مواد تیار کرنا ہو گا ورنہ ہم ان لوگوں تک رسائی سے محروم رہ جائیں گے'۔

انہوں نے کہا مقامی زبانوں کی موجودگی میں انڈیا کی پہلے سے نشونما پاتی آن لائن شاپنگ اور ایڈورٹائزنگ مارکیٹ کو مزید فروغ ملے گا۔

خیال رہے کہ انڈیا میں انگریزی اور ہندی دونوں ہی سرکاری زبانیں ہیں جبکہ ملک کا آئین 22 سرکاری زبانوں کو تسلیم کرتا ہے۔

ایشیاء کی تیسری بڑی معاشی قوت ہندوستان انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کو معیشت کے فروغ کیلئے بہت اہم سمجھتا ہے۔

گوگل کاکہنا ہے کہ وہ مقامی زبانوں میں ویب مواد کے فروغ کیلئے اخبارات، ٹی وی، ویب کمپنیوں اور دوسرے عناصر پر مشتمل ایک انڈین لینگوئج انٹرنیٹ اتحاد قائم کر رہا ہے۔

گوگل نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں تامل، بنگالی اور گجراتی سمیت آٹھ بڑی انڈین زبانوں میں ویب سروس کا ہدف رکھتا ہے تاہم اس حوالے سے گوگل نے کوئی ٹائم فریم دینے سے گریز کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025