صاف انڈیا مہم: سیاستدان جعلی تصویریں بنواتے پکڑا گیا
نئی دہلی: گزشتہ مہینے جب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہاتھ میں جھاڑو پکڑ کر 'صاف انڈیا' کی مہم شروع کی، کئی اہم شخصیات کی سڑکوں پر جھاڑو پھیرنے کی تصاویر سامنے آنے لگیں۔
لیکن ایک سیاست دان ستیش اپاڈھائے کو ایسا کرنا بھاری پڑ گیا کیونکہ عین اس وقت جب وہ جھاڑو لگانے لگے ایک ورکر کی سڑک پر پتے بکھیرتے ہوئےتصویریں کھینچ لی گئی۔
رواں ہفتہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے نئی دہلی کے ستیش کو بے نقاب کرنے والی تصاویر 'میل ٹوڈے' پر شائع ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل چکی ہیں۔
جمعہ کی صبح تک انڈیا کا سب سے زیادہ استعمال کرنے والا ہیش ٹیگ بن چکا تھا اور ٹوئٹر صارفین بڑی تعداد میں ان تصاویر کی مذمت کر رہے ہیں۔
ایک صارف نراج سرانا نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'اب خشک پتوں کی صورت میں وی آئی پی کچرے کی بڑی مانگ ہو چکی ہے'۔
ایک اور صارف سورج بجاج نے کہا 'عین اس وقت جب میں نے سوچنا شرو ع کیا کہ نئی حکومت کے آنے سے کچھ اچھا ہونے جا رہا ہے، آپ کو ایسے منافق سیاست دان نظر آنے لگے'۔
خیال رہے کہ مودی نے دو اکتوبر کو بڑی دھوم دھام سے 'صاف انڈیا' مہم شروع کی تھی، جس کے ذریعے وزراء اور افسران کو بڑے پیمانے پر سرکاری عمارتیں صاف کرنے پر زور دیا گیا۔
مہم شروع ہونے کے بعد درجنوں سیاست دان، سلمان خان جیسے فلمی ستارے اور انیل امبانی جیسے صنعت کار بھی سرگرم ہو گئے۔
ستیش نے اپنے دفاع میں کہا کہ انہیں صفائی کے حوالے سے ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔
انہوں نے سی این این-آئی بی این نیوز چینل سے گفتگو میں واقعہ کی ذمہ داری منتظمین پر ڈالتے ہوئے کہا 'جس نے بھی یہ حرکت کی، اس نے اچھا نہیں کیا'۔
'وزیر اعظم مودی کی جانب سے شروع ہونے والی یہ مہم صرف تصویریں بنوانے کیلئے نہیں'۔