اسلام آباد: 50 خطیبوں کی گرفتاری کے احکامات

07 جنوری 2015
۔—اے ایف پی فائل فوٹو۔
۔—اے ایف پی فائل فوٹو۔

اسلام آباد: قائم مقام آئی جی اسلام آباد طاہر عالم نے لاؤڈ اسپیکر کی خلاف ورزی پر پچاس سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں کے خطیبوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ نے 21ویں ترمیم منظور کی تھی۔

آج صدر ممنون حسین کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد یہ ترمیم باقاعدہ طور پر قانون کا حصہ بن گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آئی جی کے احکامات ملنے پر متعلقہ ایس ایچ اووز نے گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔

ان خطیبوں کے خلاف ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

اس ایکٹ کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں تاہم مزید تفصیلات نہیں مل سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں