بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3.24 روپے کمی کا اعلان

شائع February 18, 2015
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے منگل کو بجلی کے ٹیرف میں تین روپے 24 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کردیا جس کا اطلاق کے الیکٹرک کے علاوہ تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔

یہ فیصلہ تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی پی پی اے) کی دائر پٹیشن کی عوامی سماعت کے دوران کیا گیا جس کے تحت دسمبر 2014 میں بجلی کی پیداوار کے لیے سستے فرنس آئل اور گیس کے استعمال کے پیش نظر فی یونٹ قیمت میں تین روپے 24 پیسے کمی کی گئی۔

فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونے والی اس کمی کا فائدہ پچاس یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو نہیں ہوگا۔

عوامی سماعت کی سربراہی نیپرا کے نومنتخب چیئرمین طارق سدوزئی نے کی جس میں چاروں صوبائی اراکین بھی شریک تھے۔

ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دسمبر میں 21.6 ارب روپے کم خرچ ہوئے جس میں 16.8 ارب روپے فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی اور 4.8 ارب روپے وزیراعظم کی جانب سے اوگرا کی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارشات کو مسترد کیے جانے سے بچے۔

یہ سماعت گزشتہ ماہ ہونی تھی جس سے صارفین کو فروری 2015 کے بلوں میں کمی کا فائدہ ہوتا تاہم اسے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے پیش نظر منسوخ کردیا گیا تھا۔

ان مذاکرات کے پیش نظر پاور سیکٹر کی آمدنی کے اہداف کے حصول کے لیے فروری کے بل اس ریلیف کے بغیر جاری کیے گئے۔

نیپرا نے سماعت کے بعد فی یونٹ تین روپے 24 پیسے کمی کا اعلان کیا جس پر عملدرآمد مارچ کے بلوں میں ہوگا۔

نیپرا نے سماعت کے دوران اس بات پر بھی غور کیا کہ گدو اور نندی پور پاور پلانٹس سے بجلی کی خریداری آزمائشی بنیادوں پر ہورہی ہے اور یہ قیمت سی پی پی اے کی تفصیلات میں شامل نہیں، جس پر ادارے نے تفصیلی رپورٹ اور آزمائشی عرصے کے دوران صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

نیپرا کے خیال میں اس لاگت کو روکنے سے صارفین کو بعد میں بڑا دھچکا لگ سکتا ہے اور ضروری ہے کہ مناسب سطح پر اس کا خیال کیا جائے۔

نیپرا کو بتایا گیا کہ دسمبر 2014 کے دوران تقسیم کار کمپنیوں نے 6.57 ارب یونٹس بجلی فروخت کی۔

اس عرصے کے دوران ڈیزل سے حاصل کی جانے والی بجلی کی لاگت انیس روپے فی یونٹ، فرنس آئل کی 12.38 روپے فی یونٹ، گیس سے 3.57 روپے فی یونٹ، جوہری پلانٹس سے ایک روپے اٹھارہ پیسے فی یونٹ جبکہ ایران سے درآمد کی جانے والی 10.20 روپے فی یونٹ رہی، جس سے دسمبر کے مہینے میں 20.6 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025