کراچی: ایم کیو ایم رہنما کا شادی ہال مسمار

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2015
کراچی انتظامیہ کی جانب سے نارتھ ناظم آباد میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے — فوٹو: آن لائن
کراچی انتظامیہ کی جانب سے نارتھ ناظم آباد میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے — فوٹو: آن لائن

کراچی: سندھ کے دارلحکومت کراچی میں انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف شروع کیا جانے والا آپریشن جاری ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں چارشادی ہال گرادیے گئے، ان میں سے ایک شادی ہال متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابرغوری کی ملکیت بتایا جاتا ہے۔

گرائے جانے والے تمام شادی ہالز کے بارے میں انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وہ تمام غیرقانونی طور پر قائم کئے گئے تھے اور ان کو سندھ حکومت کے حکم پرگرایا گیا ہے۔

میونسپل کمشنر مسعودعالم کا کہنا تھا کہ چاروں گرائے جانے والے شادی ہال غیرقانونی طور پر قائم تھے۔

ادھر گلشن اقبال میں بھی انتظامیہ نے بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانوی طور پر قائم شادی ہالز کو گرادیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے تجاوزات کے خلاف شروع کی جانے والی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب متحدہ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن ان کی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے شادی ہالز ڈھونڈ ڈھونڈ کر مسمار کررہے ہیں اور ان کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں جانبدارانہ ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قوم جانتی ہے کہ اربوں روپے رشوت لیکر شہرکو بل بورڈ اورسائن بورڈ کا جنگل کس نے بنایا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں