’عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں بھی لوڈشیڈنگ ہوگی‘

شائع September 25, 2015
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی 3 روزہ تعطیلات کے دوران ملک کے تمام صنعتی اور گھریلوں صارفین کو لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم وہ صارفین جو کہ بھاری لائن لاسز والے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں وہ معمول کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کریں گے۔

وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تمام بجلی ترسیل کرنے والی کمپنیز (ڈسکوس) کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ 24 ستمبر کی شام 6 بجے سے 27 ستمبر کی رات تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ جہاں پر مختلف وجوہات کی بناء پر لائن لوسسز بہت زیادہ ہیں، ان علاقوں کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ وہ فیصلے پر عمل درآمد کروا سکیں۔ اسی طرح ڈسکوس کے متعلقہ چیف ایگزیکٹوز کی زیر نگرانی صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ سال ایک پالیسی کے تحت ہائی لائن لوسسز والے علاقوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 سے 20 گھنٹے تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والے مختلف مظاہروں کے دوران پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف اور ان کے نائب چوہدری عابد شیر علی نے پارلیمنٹ کو مختلف مواقعوں پر بتایا کہ وہشہر اور علاقے جہاں عوام بجلی چوری کرتے ہیں یا بل کی ادائیگی نہں کرتے، انھیں لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا اور حکومت اس حوالے سے کوئی رعایت نہیں برتے گی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ بجلی چوری سے ملک میں ترسیل کے نظام کو بے حد خطرہ ہے۔

خیال رہے کہ بجلی کے واجبات میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں ریکوری سب سے زیادہ ہے اور اسی وجہ سے دیگر صوبوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے جس پر قوم پرست جماعتوں کی جانب سے حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

قوم پرست پارلیمنٹیریز کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا تھا کہ وہ پختونوں، سندھیوں اور دیگر کسی بھی برادری کے خلاف نہیں ہیں لیکن بجلی چوروں کے خلاف ہوں۔

انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھاری لائن لوسسز کے علاقوں میں رہنے والے تقریبا تمام افراد ہی براہ راست بجلی کی چوری کرنے یا دیگر افراد کو غیر قانونی طور پر بجلی کی فراہمی میں ملوث ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025