سانحہ منیٰ پر حکومت کو بریفنگ کی ہدایت
اسلام آباد: سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ 5 اکتوبر کو ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں سانحہ منیٰ میں 40 پاکستانی حجاج کی ہلاکت پر بریفنگ دیں۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چیئرمین رضا ربانی نے حکومتی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ سانحہ منیٰ کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورت حال کو واضح کرنے کے لئے ہاؤس کو بریفنگ دیں تاکہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کی تشویش کا جائزہ لیا جاسکے۔‘
رضا ربانی کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کو ایک علیحدہ بھیجے گئے مراسلے میں کا کہا ہے کہ ’سانحی منیٰ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اس حادثے کی وجہ سے تشویش اور پریشانی کا شکار ہیں۔‘
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے 5 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں اس سانحے کے حوالے سے سرکاری بیان اور تفصیلات کو سراہا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کی جانب سے سرتاج عزیز اور سردار محمد یوسف کو ایسے وقت میں خط لکھا گیا ہے کہ جب دونوں ہی اس وقت ملک سے باہر ہیں۔
سرتاج عزیز امریکا میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ہیں جبکہ سردار محمد یوسف سانحہ منیٰ کے بعد پاکستانی حجاج کو پیش آنے والی صورت حال میں امدادی کاموں کی نگرانی کے لئے اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سرکاری اعلان کے مطابق سانحہ منیٰ میں 42 پاکستانی حاجی ہلاک جبکہ 62 تاحال لاپتہ ہیں اور 228 پاکستانی حجاج سعودی عرب کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں