انسداد دہشت گردی: پاکستان کی فرانس کو تعاون کی پیشکش

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2015
نواز-اولاند ملاقات کا ایک منظر۔ — اے ایف پی
نواز-اولاند ملاقات کا ایک منظر۔ — اے ایف پی

ولیتا: وزیر اعظم نواز شریف نے فرانس کے ساتھ انسداد دہشت گردی میں تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کی خواہش ظاہر کی ہے۔

نواز شریف نے مالٹا کے دارالحکومت ولیتا میں 24ویں دولت مشترکہ سربراہان مملکت کے اجلاس (سی ایچ او جی ایم) کے موقع پر فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر پیرس حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہزاروں اموات اور معاشی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں پاکستان نے قومی اتحاد کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں۔

’آپریشن ضرب عضب نے شاندار نتائج حاصل کیے‘۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان عسکریت پسند گروپ دولت اسلامیہ کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے اور اس بحران کا سیاسی حل ڈھونڈنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر صدر اولاند نے سانحہ پیرس پر پاکستانی حکومت اور عوام کی اخلاقی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرانس طویل عرصے سے دہشت گردی اور شدت پسندی کا سامنا کرنے والی پاکستانی عوام کی مزاحمت اور حوصلہ کو سراہتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں