• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C

پی ایس ایل پاکستان کے بیٹنگ مسائل کا حل نہیں، حفیظ

شائع February 19, 2016

پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کے بیٹنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ہمیں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) ایک بہترین ایونٹ ہے اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیگ کے انعقاد کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ میں اس معیار کی ٹی ٹوئنٹی لیگ پہلے کبھی منعقد نہیں ہوئی، اس سے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو مسابقت اور دباؤ سے بھرپور ماحول میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو گا اور یہ پاکستان کرکٹ کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گی۔

تاہم انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے بیٹنگ مسائل کا حل پی ایس ایل نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہو گا، ہمیں اس مسئلے کے حل کیلئے کچھ اہم اقدامات کرنے اور کچھ قربانیاں دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کرنے سے کچھ لوگ ناخوش ہوتے ہیں تو ہونے دیں کیونکہ ہمارا اصل مقصد پاکستان کرکٹ کی بہتری ہے جو زیادہ اہم ہے۔ پی ایس ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بہتر ڈھانچے سے ہمیں مستقبل میں بہتر کھلاڑی ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ایس ایل کے پاکستان میں جلد از جلد انعقاد کی کوششیں کرنی چاہئیں، اپنے عوام کے سامنے کھیلنا اور ان کو اسٹیڈیم کو رخ کرتے دیکھنا ایک بہترین لمحہ ہو گا، اس کے ساتھ ساتھ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیموں کی تعداد بڑھاتا ہے تو اس سے ہمیں ملک بھر کے مزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو فرنچائز ٹیموں کیلئے کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا اور مزید باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔

پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں حفیظ نے پی ایس ایل میں اپنی ٹیم پشاور زلمی کی کارکردگی کو شاندار قرار دہتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ہماری ٹمی کا ہر کھلاڑی منصوبہ بندی کے تحت اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیموں کی نسبت ہماری ٹیم کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ ہماری ٹیم کی لائن اپ اسپیلسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور شاہد آفریدی کے سوا ہمارے پاس کوئی آل راؤنڈر نہیں اور انشااللہ ہم اس ٹورنامنٹ میں بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

باؤلنگ پر پابندی کا شکار محمد حفیظ نے عالمی سطح پر دوباری گیند بازی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

حفیظ نے کہا کہ جب سے مجھ پر پابندی لگی ہے میں اپنے ایکشن کو بہتر کرنے پر کام کر رہا ہوں تاہم یقیناً عالمی سطح پر مصروفیات کی وجہ سے مجھے زیادہ وقت نہیں مل سکا کیونکہ اس وقت میری زیادہ توجہ بیٹنگ پر مرکوز ہے۔ لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا ایکشن بالکل ٹھیک ہے لیکن قوانین کے تحت مجھے دوبارہ ٹیسٹ کیلئے جولائی تک انتظار کرنے کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ میں ایک بار پھر ٹیم میں باؤلر کی حیثیت سے واپسی کروں گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جیت کے چانسز کے حوالے سے حفیظ نے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ کوئی بھی ٹیم اپنے حریف کو زیر کر سکتی ہے لیکن اچھی پرفارمنس کیلئے پراعتماد ہیں، پاکستان نے ایسے ٹورنامنٹس میں ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ حالیہ عرصے میں ہم اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے لیکن ہم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Inder Kishan Feb 19, 2016 08:27pm
ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں یا نہ کھیلیں، جب تک رویوں میں تبدیلی نہیں لائیں گے تب تک ایسے ہی پٹتے رہیں گے۔ جب ہر کھلاڑی اپنی ذات کیلئے کھیلے گا تو ٹیم کا یہی حشر ہوگا۔ حفیظ کو اپنے گریبان میں بھی تھوڑا جھانک لینا چاہئے، ان کی ایروگنس کا اندازہ لوگوں کو اسی وقت ہوگیا تھا جب انہوں نے محمد عامر کی مخالفت کی تھی۔ اپنی کارکردگی زیرو اور مخالفت ایسے شخص کی کر رہے ہیں جو نہ صرف پشیمان ہے بلکہ اپنی کارکردگی سے ثابت بھی کر رہا ہے کہ واقعی اس سے غلطی ہوئی۔ ایٹی ٹیوڈ از مور امپورٹنٹ۔ جس وقت دنیا بھر کی ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر گرافکس کا استعمال کرکے زیادہ سے زیادہ اسکور کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اس وقت پاکستانی ٹیم کے لوگ یہ جھگڑے پال رہے ہوتے ہیں کہ کس کوچ کے ساتھ صحیح کام کرنا ہے، کس کے ساتھ پنگا کرنا ہے، اور کس کو ناکام کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی بڑے پائے کا کوچ کامیاب نہیں ہو پاتا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025