ہچکیاں 7 امراض کی نشاندہی کرنے میں مددگار

05 اکتوبر 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

ہچکیوں کا سامنا تو ہر ایک کو ہی ہوتا ہے اور یہ اکثر نظام تنفس اور ڈایا فرم میں ٹکراﺅ کا نتیجہ ہوتا ہے اور ایسا سب کے ساتھ ہوتا ہے۔

مگر کیا یہ کسی مرض کی علامت بھی ہوسکتی ہے ؟

ویسے تو ہچکیاں بے ضرر ہوتی ہیں اور کچھ منٹ کے اندر ہی ختم ہوجاتی ہیں تاہم اگر یہ دورانیہ زیادہ ہو یا اس کی شدت عام اوقات سے زیادہ ہوں تو یہ سنگین طبی مسائل کی جانب اشارہ کررہی ہوتی ہیں۔

گردوں میں خرابی

اگر آپ گردوں کے امراض کا شکار ہیں اور آپ کو معلوم نہیں، تاہم اکثر ہچکیوں کا سامنا ہوتا ہے تو یہ اس بات کا عندیہ ہوسکتی ہے کہ گردے خراب ہورہے ہیں، یہ ہچکیاں ہڈیوں میں درد، سانس میں غیرمعمولی بو اور مسلز کھیچنے کے ساتھ ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

ایسڈ ریفلیکس امراض

ایسڈ ریفلیکس امراض کی واضح علامات میں سینے میں جلن، کھانے کا ذائقہ تلخ محسوس ہونا اور متلی وغیرہ ہوتی ہیں، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ ہچکیاں بھی اس کی جانب اشارہ کرتی ہیں، اگر وہ ختم ہونے میں نہ آئیں اور ایسا مسلسل ہو تو آپ کو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔

ذہنی تناﺅ

ہچکیاں اس بات کا انتباہ کررہی ہوتی ہیں کہ آپ کو اپنے لیے کچھ وقت نکالنا چاہئے، ایک تحقیق کے مطابق اکثر ذہنی طور پر شدید تناﺅ کا شکار ہونے پر ہچکیاں لگ جاتی ہیں اور ایسا ہونے پر آپ کو مراقبے، ورزش یا کسی سے بات چیت کرنی چاہئے۔

کینسر کی نشانی

ہچکیاں کچھ اقسام کے کینسر جیسے دماغ، معدے یا لمفی نوڈز کے سرطان کی موجودگی کا عندیہ بھی ہوسکتی ہیں، اگر آپ کو مسلسل ہچکیوں کا سامنا ہو اور 48 گھنٹے سے ایک ماہ سے زیادہ یہ شکایت رہے تو کینسر کی علامت ہوسکتی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کینسر کے شکار افراد میں یہ علامت بہت کم سامنے آتی ہے۔

نمونیا کا اشارہ

ایک تحقیق کے مطابق بہت دیر تک ہچکیاں آنا نمونیے کی نشانی ہوسکتی ہے، اگر اس کے ساتھ سینے میں درد، ٹھنڈ محسوس ہونا، بخار اور سانس گھٹنے جیسی تکالیف بھی ہو تو یہ نمونیا ہی ہے، کیونکہ پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث ہچکیاں عام معمول سے زیادہ دیر تک آتی رہتی ہیں۔

فالج کی ابتدائی علامت

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق ہچکیاں فالج کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے، اگر ہچکیوں کے ساتھ سینے مین درد ہو تو یہ خواتین میں فالج کی ابتدائی علامت ہوتی ہے، امریکا میں نیشنل سٹروک ایسوسی ایشن نے متلی، ذہنی الجھن اور جسمانی کمزوری کے ساتھ ساتھ ہچکیوں کو بھی فالج کی ان علامات میں شامل کررکھا ہے جس کا سامنا خواتین کو ہوسکتا ہے۔

ہارٹ اٹیک

اگر ہچکیاں کئی دن تک ختم نہیں ہوتیں تو یہ ہارٹ اٹیک کا انتباہ ہوسکتی ہیں، ایک تحقیق کے مطابق ہچکیوں اور ہارٹ اٹیک کے درمیان ایک تعلق موجود ہے اور یہ اس جان لیوا دورے کی روایتی علامات جیسے پسینہ آنا، کمزوری یا سینے میں درد سے ہٹ کر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں