عشرت العباد تبدیل، جسٹس سعید الزماں گورنر سندھ مقرر

اپ ڈیٹ 09 نومبر 2016
جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی—۔ڈان نیوز
جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی—۔ڈان نیوز

کراچی: جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان صدر ہاؤس کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر نئے گورنر سندھ کے تقرر کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب گورنر آفس نے نئے گورنر کی تقرری کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

تاہم ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کا عہدہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے، جسے سب سے پہلے حل کرنا پڑے گا، جس کے بعد سیاسی مسائل کی جانب رخ کرنا پڑے گا۔

گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات کے حوالے سے جسٹس سعید الزماں نے بتایا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہوگا۔

ان کا کہنا تھا، 'حکومت کے ذمہ اہم کام امن و امان کا قیام ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور گورنر پر آتی ہے، اگر کراچی میں امن ہوگا تو یہاں کاروباری سرگرمیاں پھلے پھولیں گی۔'

گورنر سندھ کو ہٹانے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جسٹس سعید الزماں کا کہنا تھا کہ 'میرے اپنے ذاتی خیال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا تنازع ہی وہ سب سے بڑی وجہ ہے، جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گا۔'

مزید پڑھیں:'گورنر سندھ کا نام ای سی ایل میں ڈال کر گرفتار کیا جائے'

انھوں نے مزید کہا کہ 'میں اپنی پوری کوشش کروں گا اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، کامیابی دینا اللہ کے اختیار میں ہے۔'

واضح رہے کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔

وہ 2008 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی امیدوار تھے۔

جسٹس سعید الزمان صدیقی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا.

عشرت العباد کا طویل گورنر شپ کا اعزاز

دوسری جانب سب سے طویل عرصہ تک گورنر شپ کا اعزاز رکھنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان 27 دسمبر 2002 سے اب تک گورنر سندھ کے عہدے پر فائض رہے۔

سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے ڈاکٹر عشرت العباد کو صوبہ سندھ کے گورنر کے طور پرنامزد کیا تھا۔

2 مارچ 1963 کو کراچی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کے کم عمر ترین عمر گورنر کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں:متحدہ کے قائد کا عشرت العباد کو استعفیٰ واپس لینے کا مشورہ

عشرت العباد نے ساڑھے 5 سال سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں اور ساڑھے چار سال سابق صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں گزارے۔

یاد رہے کہ 1992 میں نواز شریف کی حکومت کے دوران کراچی میں ہونے والے آپریشن کے بعد وہ برطانیہ چلے گئے تھے اور طویل عرصے تک برطانیہ میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار رکھی تھی۔

گذشتہ دنوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے الگ ہوکر پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) بنانے والے مصطفیٰ کمال نے عشرت العباد کو صوبے میں تمام خرابیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور انہیں فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے (2) بند ہیں

ahmakadami Nov 10, 2016 02:15am
At last he retired
Asim Nov 10, 2016 07:18am
Justice Saeed u Zama is highly respected but too too old to be actively perform . Ridiculous decision by PLMN.