بطوربلےباز ٹیم میں واپسی کرنا چاہتاہوں:کامران
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں پشاورزلمی کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپرکامران اکمل کا کہنا ہے وہ قومی ٹیم میں بحیثیت بلےباز واپسی کرنا چاہتے ہیں کیونکہ سرفراز ایک اچھے وکٹ کیپر ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
کامران اکمل نے کہا کہ 'سرفرازاحمد ایک اچھے کھلاڑی اور وکٹ کیپر ہیں اور ہمارے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے جبکہ میں بطوربلےباز ٹیم میں جگہ بنانا چاہتا ہوں'۔
مزید پڑھیں:کیمپ کیلئے انتخاب نئی زندگی ملنے جیسا ہے، کامران اکمل
ان کا کہنا تھا کہ 'میری پوری توجہ بیٹنگ پر ہے اور ڈومیسٹک میں بھی میں نے بیٹنگ پر توجہ دی جس کا فائدہ ہوا اسی طرح پی ایس ایل میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوا'۔
'میں بلے باز کی حیثیت سے لوہا منوانے کی کوشش کروں گا اور سرفراز وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں اس لیے انھیں نہیں چھیڑنا چاہیے'۔
طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر ہونے والے وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ 'ہم ٹیم انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق چلیں گے اور جو کام دیا جائے گا وہ پورا کرنے کی کوشش کروں گا'۔
یہ بھی پڑھیں: قانون توڑنے والے سزا کے مستحق ہیں:ڈین جونز
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی سابق کپتان انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان سے بیٹنگ کے حوالے سے مفید مشورے لیتے رہتے ہیں کیونکہ سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'میری کرکٹ فٹنس اور کارکردگی کے ساتھ ہوگی اوراگر ٹیم میں واپس آیا تو جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں گا'۔
فٹنس کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'میرا فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، آج ہی میرا فٹنس ٹیسٹ ہوا ہےاور اپنی طرف سے 100 فی صد کرنے کی کوشش کی ہے'۔
مزید پڑھیں:'مستقبل میں فٹنس کی بنیاد پرٹیم کا انتخاب ہوگا'
خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹریننگ کیمپ میں چند سینیئر کھلاڑی بھی ایسے ہیں جن کی فٹنس اس سطح کی نہیں ہے جن کو منتخب کیا جائے۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ بورڈ کی پالیسی ہے کہ مستقبل میں ٹیم کے انتخاب کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس کو بنیاد قرار دیا جائے گا۔
قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 4 ٹی ٹوئنٹی، 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔