باہو بلی 2 دنیا بھر سے 1200 کروڑ انڈین روپے کما چکی ہے اور ابھی بھی اس کا ریکارڈ توڑ بزنس جاری ہے۔

ایس ایس راجا میولی کی یہ فلم لگتا ہے کہ ایسا ریکارڈ بنا دے گی جو کسی اور انڈین فلم کے لیے توڑنا آسان نہیں ہوگا۔

دو فلموں پر مشتمل اس سیریز کی تیاری میں 5 سال کا عرصہ لگا جبکہ مجموعی طور پر 430 کروڑ روپے کا بجٹ لگا (باہو بلی 1 کی لاگت 180 کروڑ جبکہ دوسرے حصے کا بجٹ 250 کروڑ روپے تھا)، مگر اس کی کاسٹ اور ڈائریکٹر کو کیا معاوضہ ملا، یہ کسی کو معلوم نہیں۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں ہر کردار کو ملنے والے معاوضے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم نہ دیکھنے پر ایک شخص ملازمت سے فارغ

بربہاس (باہو بلی)

اس اداکار نے اپنی زندگی کے پانچ سال باہو بلی کو اس وقت دیئے جب وہ اپنے کیرئیر کے عروج پر تھا اور ان دونوں فلموں میں کام کرنے کے لیے کسی اور فلم کو سائن نہیں کیا۔ ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ کچھ وقت ایسا بھی ہوا جب پربہاس کو شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا مگر پھر بھی انہوں نے نئی فلم یا برانڈ سے معاہدہ نہیں کیا۔ اس اداکار کو مجموعی طور پر دونوں فلموں پر کام کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے ملے۔

رانا دگو بتی (بھلالادیوا)

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ باہو بلی کے بعد سب سے اہم کردار یہی تھی، اور رانا دگوبتی کی اداکاری کو سراہا بھی کیا تاہم ان کا معاوضہ پربہاس کے مقابلے میں صرف 15 کروڑ روپے تھا۔

انوشکا شیٹھی (دیوا سینا)

اس اداکارہ نے فلم کے پہلے حصے میں بڑھاپے کے کردار میں لوگوں کو حیران کردیا تھا مگر دوسرے حصے میں زیادہ سرپرائز کیا، جہاں ان کے نوجوان کردار اور شعلہ صفت فطرت کو دکھایا گیا۔ اس فلم سیریز کے لیے انہیں پانچ کروڑ روپے دیئے گئے۔

تمنا بھاٹیا (اوانتیکا)

انوشکا کی طرح تمنا بھاٹیا کو بھی ایک باغی کے کردار کی ادائیگی کے لیے پانچ کروڑ روپے دیئے گئے، جن کا پہلے حصے میں تو اہم کردار تھا مگر دوسرے حصے میں چار یا پانچ مناظر میں ہی نظر آئیں۔

رمیا کرشنن (شیواگامی)

یہ فلم کے چند مضبوط ترین کرداروں میں سے ایک ہیں، جنھوں نے اس تخیلاتی سلطنت کی قسمت کا تعین کیا، اس اداکارہ کو ڈھائی کروڑ روپے دیئے گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کردار کی پیشکش پہلے معروف اداکارہ سری دیوی کو کی گئی مگر انہوں نے پانچ کروڑ سے کم معاوضے دینے پر انکار کردیا تھا۔

ستھیا راج (کٹاپا)

ایسا نظر آتا ہے کہ کردار جتنا مضبوط ہوگا، معاوضہ اتنا ہی کم ہوگا۔ دوسرے حصے کا انتظار ہی لوگوں کو اس لیے تھا کہ آخر کٹاپا نے باہو بلی کو کیوں قتل کیا، تاہم یہ کردار ادا کرنے والے اداکار کا معاوضہ صرف دو کروڑ روپے تھا۔

ایس ایس راجا میولی

اور آخر میں اس فلم کے کپتان یعنی ڈائریکٹر کی بات کرلیں، جنھوں نے اپنا کیرئیر بطور اسسٹنٹ شروع کیا تھا اور بتدریج ترقی کرکے ڈائریکٹر بنے۔ باہو بلی کی فلموں کے لیے انہیں 28 کروڑ روپے دیئے گئے، جبکہ اس معاوضے سے ہٹ کر بھی انہیں فلموں کے منافع میں سے ایک ایک تہائی حصہ ملے گا جو کہ کم از کم بھی تین سے چار سو کروڑ روپے ہوگا۔ باہو بلی کے پہلے حصے نے 600 کروڑ روپے سے زیادہ کمائے تھے جبکہ دوسرا حصہ جیسا بتایا جاچکا ہے کہ 1200 کروڑ روپے سے زیادہ کما چکا ہے۔

تصاویر بشکریہ انڈین ایکسپریس

تبصرے (0) بند ہیں