یانگون: میانمار میں شمالی شہر یانگون اور مییک میں دوران پرواز لاپتہ ہونے والے فوجی طیارے کا ملبہ مل گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقامی سرکاری اور ایئر فورس ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کا ملبہ لاپتہ ہونے کے مقام کے قریب سے سمندر سے ملا، طیارے میں اعلیٰ افسران سمیت 100 سے زائد فوجی اہلکار اور ان کے خاندان کے افراد سوار تھے۔

طیارے کی تلاش کے لیے میانمار نیوی کی کشتیوں اور طیارے کو روانہ کیا گیا تھا۔

طیارے میں سوار افراد میں سے بیشتر خواتین اور بچے تھے جو میانمار کے جنوبی شہر مییک سے یانگون جارہے تھے۔

مییک میں محکمہ سیاحت کے عہدیدار نائنگ لِن زاؤ نے فوجی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اب انہیں لاپتہ ہونے والے طیارے کے داوئی شہر سے 218 کلومیٹر دور ٹکڑے مل گئے ہیں۔‘

میانمار ایئرفورس ذرائع نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ نیوی کی سرچ اینڈ ریسکیو کشتی کو یانگون کے جنوب میں واقع سمندر میں طیارے کا ملبہ مل گیا۔

مزید پڑھیں: میانمار: فوج سے 'جھڑپ' میں 10 حملہ آور ہلاک

قبل ازیں کمانڈر اِن چیف کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’طیارے سے رابطہ سہ پہر ایک بجکر 35 منٹ پر منقطع ہوا۔‘

میانمار فوج کی انفارمیشن ٹیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارے میں سوار افراد میں سے دو تہائی خواتین اور بچے تھے۔

فوج کے ایک کرنل نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’طیارے میں سوار کئی افراد طبی معائنے اور اسکول جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔‘

تاہم انہوں نے ریسکیو عملے کو ملنے والے ملبے سے متعلق کسی بات کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کی تلاش ابھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلح حملے میں میانمار پولیس کے 9 اہلکار ہلاک

طیارے میں افراد سوار افراد کی کُل تعداد سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آئیں۔

تاہم کمانڈر ان چیف کی آفس سے جاری بیان کے مطابق طیارے میں فوجیوں اور ان کے اہلخانہ کے افراد سمیت 106 افراد اور عملے کے 14 ارکان سوار تھے۔

اگرچہ میانمار میں ان دنوں مون سون کا موسم ہے تاہم طیارے کے لاپتہ ہونے کے وقت موسم کی خرابی کی کوئی رپورٹ نہیں تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں