جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے حلف برداری کی تقریب بلوچستان ہائی کورٹ بلڈنگ میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں معزز ججز، سینئر وکلا اور ہائی کورٹ کے عملے نے شرکت کی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے جسٹس طاہرہ صفدر سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی بیرون ملک دورے پر گئے ہوئے ہیں جن کی غیر موجودگی میں جسٹس طاہرہ صفدر، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گی۔

جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائی کورٹ کی سینئر جج ہیں۔

وہ پہلی خاتون ہیں جو بلوچستان میں سول جج بنیں اور انہیں یہ امتیاز بھی حاصل رہا ہے کہ جن عہدوں پر انہوں نے کام کیا، وہ ان عہدوں پر کام کرنے والی بلوچستان کی پہلی خاتون ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں