تعلیم، اخلاقیات اور امن کامیابی کے لیے اہم ہیں، پرنس آغا خان
گلگت: اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کہا ہے کہ تعلیم، اخلاقیات اور امن کامیابی کے اوزار ہیں، ملکی ترقی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے تمام لوگ اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے گلگت بلتستان پہنچنے پر وادی یاسین اور ضلع خضر اور ہنزہ علی آباد میں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر ان کے ماننے والوں کی تقریباً ایک لاکھ سے زائد افراد کی تعداد وادی یاسین کے اجتماع میں موجود تھی۔
مزید پڑھیں: پرنس کریم آغا خان اسلام آباد پہنچ گئے
اپنے خطاب کے دوران آغا خان نے اپنے ماننے والوں کو پاکستان سے مخلص اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے ملک کے دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک خطے کے لوگوں کی بہتری کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا اپنی امامت کے 60 سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کے سلسلے میں حکومت کی دعوت پر 13 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔
وادی یاسین کے رہائشی رستم علی نے بتایا کہ آج کا دن ان کی زندگی کا سب سے خوشی کا دن ہے جیسا کہ انہیں ان کے روحانی پیشوا کا دیدار کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم نے دیدار کے لیے آئے ہوئے رشتہ داروں اور دوستوں کی میزبانی کی، ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں نے مہمانوں کے لیے نہ صرف اپنے گھر میں جگہ دی بلکہ ان کے لیے خیموں کا بھی انتظام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پرامن برادری کو نشانہ بنانا ناقابل فہم، آغا خان
اس سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن، کابینہ اراکین، سول اور ملٹری حکام نے پرنس کریم آغا خان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا تھا۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فاراق نے کہا کہ آغا خان کی آمد پر لوگوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی آغا خان کو خوش آمدید کرنے کے بینر لگائے اور دیدار کی رسم کے انتظامات کرنے میں بھی مدد کی۔
یہ خبر 11 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں