بولی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کے چھیڑ چھاڑ کرنے، انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے، زبانی بدکلامی کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے مقدمے میں اداکارہ کے دوست کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ جمع کرادی گئی۔

پولیس کی جانب سے اداکارہ کے سابق کاروباری دوست نیس واڈیا کے خلاف ممبئی کی عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی گئی۔

خیال رہے کہ نیس واڈیا اور پریتی زنٹا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں، جن کے ماضی میں انتہائی قریبی تعلقات بھی رہے ہیں۔

پریتی زنٹا نے اپنے دوست نیس واڈیا کے خلاف 4 سال قبل چھیڑ چھاڑ، دست درازی اور ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی، جس پر اب کاروباری شخص کے خلاف باقائدہ مقدمہ درج کرکے اس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔

پولیس نے نہ صرف مقدمہ درج کرلیا بلکہ نیس واڈیا کے خلاف 500 صفحات پر مبنی چارج شیٹ بھی ممبئی میٹروپولیٹن کورٹس کی ’ایسپلاندے کورٹ‘ میں پیش کردی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق نیس واڈیا نے عدالت میں اپنے خلاف چارج شیٹ جمع ہونے کے بعد 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اپنی ضمانت بھی کروالی۔

خبر کے مطابق نیس واڈیا کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 356، 509 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف چارج شیٹ بنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پریتی کا سابق بوائے فرینڈ کے خلاف مقدمہ
—فائل فوٹو: کورا
—فائل فوٹو: کورا

یہ مقدمات خواتین کے خلاف چھیڑ چھاڑ کرنے، انہیں جنسی و زبانی طور پر ہراساں کرنے، انہیں ڈرانے دھمکانے اور ان کی تذلیل کرنے سے متعلق ہیں۔

پولیس نے یہ مقدمہ اداکارہ کی اس شکایت پر درج کیا جو انہوں نے 4 سال قبل 2014 میں درج کروائی تھی۔

اس شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ نیس واڈیا نے ان کے ساتھ ممبئی کے وانکھینڈے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کی میچ کے دوران بدتمیزی اور چھیڑ چھاڑ کی۔

اداکارہ نے یہ شکایت جون 2014 میں جنوبی ممبئی کی میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔

اسی کیس میں اداکارہ نے پولیس کو ایسی تصاویر بھی فراہم کردی ہیں، جن سے یہ پتہ لگتا ہے کہ نیس واڈیا نے انہیں ہراساں کرنے سمیت انہیں ڈرایا اور دھمکایا۔

مزید پڑھیں: پریتی زنٹا کی خفیہ شادی
اداکارہ نے 2016 میں شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے 2016 میں شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

پولیس نے اسی کیس میں متعدد افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کر رکھے ہیں، جب کہ اسی کیس میں پریتی زنٹا کے امریکی شوہرجین گڈ اناف نے بھی پولیس کا اپنا بیان ای میل کے ذریعے ریکارڈ کرا رکھا ہے۔

خیال رہے کہ 2014 میں اس مقدمے درج ہونے سے قبل نیس واڈیا اور پریتی زنٹا میں گہرے تعلقات بھی قائم تھے، دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھی دیکھا جاتا تھا۔

بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ہوتی رہتی تھیں کہ ان کی شادی ہوگی، تاہم ان کے تعلقات ڈرامائی طور پر ختم ہوگئے، جس کے بعد اداکارہ نے ایک اور امریکی کاروباری دوست جین گڈ اناف سے 2016 میں شادی کرلی۔

43 سالہ پریتی زنٹا نے 1998 میں فلم ’دل سے‘ فلمی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 50 کے قریب فلموں میں اداکاری کی، جن میں سے بیشتر فلمیں باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریتی زنٹا مشکل میں پھنس گئیں

بولی وڈ میں ڈمپل گرل کہلائی جانے والی اداکارہ آخری بار 2014 میں فلم ’ہیپی اینڈنگ‘ میں نظر آئی تھیں۔

2015 اور 2016 میں ان کے مالی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم 2016 میں شادی کے بعد وہ تاحال فلمی دنیا میں واپس نہیں آئیں۔

اداکارہ اور نیس واڈیا کے ماضی میں گہرے تعلقات رہے—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
اداکارہ اور نیس واڈیا کے ماضی میں گہرے تعلقات رہے—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

تبصرے (0) بند ہیں