سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شیری رحمٰن سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن جائیں گی۔

سکھر کے این آئی سی وی ڈی اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاست انسانیت کی خدمت کا نام ہے اور میری دعا ہے کہ خدا تمام سیاستدانوں کو اچھا اور نیک بنائے۔

عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اچھے آدمی ہیں یا برے اس کا سوال میڈیا عمران خان سے ہی کرے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ’عمران خان نے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے حمایت کردی، اب شریف آدمی مزید کیا کرے تاہم سیاست میں تمام دروازے کھلے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف نے سمجھوتہ کیا، بلاول زرداری

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف جب وطن واپس آئیں گے تو ان کے حوالے سے کسی بھی سوال کا جواب دوں گا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے عوام کی فلاح پر توجہ دی جبکہ اپنے دورِ حکومت میں 80 لاکھ سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی اجرت 8 سے 15 ہزار روپے کردی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کچھ کرنا ہے اور ہم جو کررہے ہیں اس کا نمونہ این آئی سی وی ڈی اسپتال ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی اسپتال میں بلاتفریق کسی بھی زبان بولنے والے اور کسی بھی علاقے کے مکین کا علاج کیا جاتا ہے تاہم یہ تاثر غلط ہے کہ یہ صرف سکھر کا اسپتال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پی ٹی آئی، پی پی پی کی مہربانی سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا‘

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اس اسپتال میں ایک ماہ سے کم عرصے میں 2 ہزار سے زائد ایمرجنسی کیسز دیکھے گئے ہیں جن میں 715 مریضوں کو داخل کیا گیا، 1109 او پی ڈی رہی، 85 کے آپریشن کیے گئے اور 3 اوپن ہارٹ سرجری کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایک ماہ سے کم عرصے میں اسپتال کی یہ کار کردگی قابل ستائش ہے، تاہم اس کی کار کردگی کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے اعلان کیا کہ سکھر میں ایس آئی یو ٹی اور کینسر اسپتالوں کا کام چل رہا ہے جبکہ جلد ہی یہاں آئی بی اے انجینیئرنگ یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

SHARMINDA Mar 18, 2018 03:30pm
Election main kuch maheenay reh gaay hain. Ab sab falahi projects complete ho jaain gay.