بھارت کی سپریم کورٹ میں ملیالم فلم ‘اوروآدھار لو’ کے ساتھ ساتھ اس کی ٹیم کے خلاف ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے کہ فلم سے ’مانیکا ملارایا پووی ’ گانے کو خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ ملیالم فلم ‘اورو آدھار لو’ کے اسی گانے کی ویڈیو رواں برس فروری میں سامنے آئی تھی، جس میں اداکارہ پریا پرکاش کو اپنے کلاس فیلو ہیرو کو آنکھ مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

لڑکی کی جانب سے لڑکے کو آنکھ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا پرکاش ایک ہی دن میں اسٹار بن گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی ایک دن میں اسٹار بن گئی

بعد ازاں ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے مسلمانوں کے گروہ نے اس گانے اور منظرکشی پر اعتراض کرتے ہوئے اداکارہ اور فلم کی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

مسلمانوں کا مؤقف تھا کہ جس گانے کو فلم میں شامل کیا گیا یہ مسلمانوں کے آخری نبی ﷺ اور ان کی اہلیہ کے شان میں لکھی گئی نعت تھی، جسے جدید انداز میں گانے کا روپ دیا گیا۔

مسلمانوں کا مؤقف تھا کہ اس گانے میں کی گئی منظر کشی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

اداکارہ پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم نے اپنے خلاف مقدم درج ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کے خلاف درج کیے گئے مقدمات کو ختم یا واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔

تاہم اب اسی گانے اور فلم کے خلاف ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدراباد کی 2 جماعتوں نے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی۔

مزید پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ‘اسلام میں آنکھ مارنا حرام ہے’۔

ساتھ ہی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسی گانے میں اداکاری کرنے والی پریا پرکاش کے خلاف کرمنل قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق درخواست میں قرآن شریف کی آیات سے دلائل دیے گئے ہیں اور کہا گیا کہ گانے کو اسی طرح فلمانہ توہین رسالت کے زمرے میں آتا ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ اس گانے کو فلم سے نکالنے کا حکم بھی دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پریا پرکاش کی مقدمہ خارج کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر

واضح رہے کہ اس فلم کو گزشتہ ماہ مارچ میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم تنازعات کے باعث اس کی نمائش اب رواں برس جون تک مؤخر کردی گئی ہے۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو 14 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی اسکول کے 5 لڑکوں اور 4 لڑکیوں کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔

پریا پرکاش وریئر نے بھی اسکول کی ایک طالبہ کا کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں