ایک ہی دن میں اسٹار بن جانے والی ملیالم اداکارہ پریا پرکاش وریئر نے اپنے خلاف درج ہونے والا مقدمات خارج کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

خیال رہے کہ پریا پرکاش رواں ماہ 9 فروری کواپنی پہلی ملیالم فلم ’اوروآدھار لو‘ کے رومانٹک گانے ’مانیکا ملارایا پووی‘ کے کچھ مناظرکی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے اسٹار بن گئی تھی۔

ان کی اس مختصر ویڈیو کو کئی افراد نے انٹرنیٹ پر شیئر کیا، جب کہ ایک ہی دن میں انسٹاگرام پر ان کے 6 لاکھ 30 ہزار فالوؤرز بنے۔ ان کے اس گانے کی ویڈیو کو اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

ایک ہی دن میں اسٹار بن جانے والی پریا پرکاش وریئر کی مشکلات کا آغاز محض 2 دن بعد اس وقت شروع ہوا، جب ان کے خلاف ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں مقدمہ درج کروایا گیا۔

ان کے خلاف مسلمانوں کے ایک گروپ نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے گانے کی شاعری سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج

بعد ازاں پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم کے خلاف مزید 2 مقدمات بھی درج کرائے گئے۔

پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم کے خلاف مسلمانوں کے مختلف گروپس کی جانب سے 3 مقدمات درج کرائے جانے کے بعد بالآخر اداکارہ اور فلم کی ٹیم نے بھارت کی سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم کی جانب سے ایڈوکیٹ حارث بیران نے بھارت کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں عدالت عالیہ کو درخواست کی گئی کہ اداکارہ و فلم کی ٹیم کے خلاف دائر کیے گئے مقدموں کو خارج یا منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں عدالت کو گزارش کی گئی ہے کہ ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، فلم کی ٹیم اور اداکارہ کے خلاف مقدمہ اظہار رائے کی آزادی کے خلاف ہے، اس لیے ان کے خلاف درج مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ فلم میں شامل کیا گانا 40 سال پرانہ ہے، جو سب سے پہلے 1978 میں بنایا گیا تھا، جس کی شاعری پی ایم اے جبار نے لکھی، جو لازوال محبت کو بیان کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: پریا پرکاش نے سنی لیونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس گانے کو ریاست کیرالہ کے مسلمان گزشتہ 40 سال سے گاتے آئے ہیں، تاہم اب ان کے خلاف مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کرکے مقدمات درج کرائے گئے۔

درخواست میں عدالت سے اداکارہ اور فلم کی ٹیم کے خلاف درج مقدمات کو خارج یا منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے آئندہ ایک سے 2 روز میں درخواست پر بینچ تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔

بینچ فلم کی ٹیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کا جائزہ لینے اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنائے گی۔

واضح رہے کہ ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد جہاں پریا پرکاش ایک ہی دن میں اسٹار بنیں، وہیں انہوں نے گوگل سرچ پر تمام بڑی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پریا پرکاش نے متعدد فلموں کی پیش کش ٹھکرادی

گزشتہ ہفتے وہ گوگل سرچ پر تلاش کی جانے والی پہلی شوبز شخصیت بنی تھیں، انہوں نے گوگل سرچ پر سنی لیونی جیسی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

علاوہ ازیں 2 دن قبل انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد فلم انڈسٹریز کی جانب سے کئی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی، تاہم وہ پیش کش کے باوجود فلموں میں کام نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا سبب بتاتے ہوئے وضاحت کی کیوں کہ وہ اس وقت اپنے آنے والی ملیالم فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اگست 2018 تک کسی بھی فلم میں کام نہیں کرسکتیں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں