لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی اور ساتھ ہی انہیں چارج شیٹ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اس حوالے سے خاصی محتاط تھی کیونکہ یہ ایک اہم کھلاڑی کے ملوث ہونے کا معاملہ تھا، جس کے باعث نتائج کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے بھارتی لیبارٹری سے ٹیسٹ کے نتائج کو دوبارہ چیک کروایا گیا جس میں کئی ہفتے لگ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرمہذب زبان استعمال کرنے پر احمد شہزاد پر جرمانہ

بعد ازاں انڈین لیبارٹری کی دوبارہ تصدیق شدہ رپورٹ اینٹی ڈوپ ایجنسی میں بھیجی گئی جس نے احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی سی بی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ غیر جانبدار نظرثانی بورڈ کی جانب سے آج (منگل کو) پی سی بی کو نظر ثانی شدہ رپورٹ موصول ہوئی۔

مزید پڑھیں: ڈوپ ٹیسٹ کے سبب پابندی کا شکار پاکستانی کرکٹرز

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں، وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔

رواں سال اپریل میں پاکستان کپ کے ایک میچ کے دوران احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ ماہ 20 جون کو میڈیا پر یہ خبریں آئی تھیں کہ ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

مذکورہ رپورٹ میں احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، اور اب پی سی بی ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کرے گا، جس کے بعد انہیں 14 روز کے اندر اس کا جواب دینا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں