ایشیا کپ: پاکستان کو بھارت کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2018
بابر اعظم کو آؤٹ کرنے پر بھارتی اسپنر کلدیپ یادو خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم کو آؤٹ کرنے پر بھارتی اسپنر کلدیپ یادو خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دبئی: ایشیا کپ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے روایتی حریف ٹیموں کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو یہ فیصلہ ابتدائی میں ہی اس وقت غلط ثابت ہو گیا جب بھوونیشور کمار نے 3 کے مجموعی اسکور پر دونوں پاکستانی اوپنرز کو پویلین رخصت کردیا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ میں بھی بھارت کو نوازنے کا سلسلہ جاری، سرفراز ناخوش

امام الحق نے 2 رنز بنائے جبکہ فخر زمان کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور تجربہ کار شعیب ملک وکٹ پر یکجا ہوئے اور تیسری وکٹ کے لیے 82رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن بھارتی اسپنرز نے اس کاوش کو ناکام بنا دیا۔

انجری کا شکار ہونے والے بھارتی آل راؤنڈر ہردک پانڈیا کو اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی
انجری کا شکار ہونے والے بھارتی آل راؤنڈر ہردک پانڈیا کو اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

اسکور 85تک پہنچا ہی تھا کہ کلدیپ یادو نے بابر اعظم کی اننگز کا خاتمہ کردیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 47رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا اور اظہر محمود کے درمیان دلچسپ نوک جھونک

ٹیم کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب پارٹ ٹائم باؤلر کیدار جادھو کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں کپتان سرفراز احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جن کا متبادل کھلاڑی منیش پانڈے نے خوبصورت کیچ لیا۔

ابھی ٹیم کی سنچری مکمل ہی ہوئی تھی کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں شعیب ملک کی اننگز بھی تمام ہوئی جنہوں نے 43رنز بنائے تھے، شعیب ملک کے دو کیچ بھی ڈراپ ہوئے لیکن وہ ان کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

آصف علی نے چھکا مار کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر کیدار جادھو کی گیند پر وکٹ کے پیچھے موجود مہندرا سنگھ دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

نوجوان کھلاڑی شاداب خان آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جنہوں نے 8 رنز بنائے، ان کی وکٹ بھی جادھو کے حصے میں آئی۔

فہیم اشرف نے محمد عامر کے ساتھ مل کر اسکور 158تک پہنچایا ہی تھا کہ جسپریت بمراہ کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فہیم کی اننگز تمام ہوئی۔

فہیم کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کو قومی ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری پاکستانی ٹیم 162رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: تاریخ کے جھروکوں سے

بھارت نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھاون نے ابتدائی چند اوورز میں محتاط انداز اپنایا لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد روہت شرما نے روایتی انداز میں پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے شیکھر دھاون کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لیے 86رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی ختم کردیں۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب خان نے میچ میں اپنی پہلی ہی گیند پر بھارتی کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں تاہم وہ آؤٹ ہونے سے قبل تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 52رنز بنا چکے تھے۔

شیکھر دھاون بھی ساتھی کھلاڑی کی جدوئی برداشت نہ کر سکے اور ٹیم کی سنچری مکمل ہوتے ہی 46رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد دنیش کارتھک اور امبتی رائیڈو وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 60رنز کی شراکت قائم کر کے مزید بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

دونوں کھلاڑی 31، 31 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

بھارتی فاسٹ باؤلر بھوونیشور کمار کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شعیب ملک، بابر اعظم، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ہانگ کانگ نے بھارت کے خلاف تاریخ رقم کردی

بھارتی ٹیم کپتان روہیت شرما، شکھر دھوان، امباتی رائڈو، مہیندر سنگھ دھونی، کیدار جادھو، ہردک پانڈیا، بھوونیشور کمار، جسپریت بمرا اور کلدیپ یادیو اور یوزویندر چاہال پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں