کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ممکنہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

انہوں نے واضع کیا کہ الیکشن میں ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کے تحت پولنگ کے مجموعی عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عارف علوی کے چھوڑے ہوئے حلقے میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے 247 (کراچی)، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 (کراچی) اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 (پشاور) میں 21 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں 8 لاکھ 58 ہزار 866 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

اس حوالے سے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کے تحت رائے دہندگان، شہریوں، امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ پولنگ کے آغاز تا اختتام تک متعلقہ ایس ایچ اوز علاقوں میں موجود رہیں گے جبکہ متعلقہ ایس ایس پی جملہ اقدامات کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں گے۔

مزیدپڑھیں: تین جماعتیں،3 انتخابات، کس نے کیا کھویا، کیا پایا؟

اس ضمن میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف کے علاقوں میں ناکہ بندی، سرچنگ، اسنیپ چیکنگ سمیت انٹیلی جینس اقدامات کو مؤثر ومربوط بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کی سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو ووٹنگ کے آغاز سے قبل یقینی بنا لیا جائے۔

ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ وائرلیس کنٹرول اور کنٹرول رومز اسٹاف تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

کمانڈ آف چین سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاعات کی بروقت شیئرنگ اور فالو کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے غفلت نہ برتی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: ووٹنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی رجسٹریشن میں توسیع

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے ضمنی الیکشن کے روز عائد دفعہ 144 پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی سندھ نے خبردار کیا کہ سیکیورٹی اقدامات میں کوئی بھی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں