تقسیم برصغیر کے گرد گھومنے والے ڈرامے 'آنگن' جس کا انتظار مداح شدت سے کررہے ہیں، کی پہلی جھلک سامنے آگئی ہے۔

سجل علی، احد رضا میر، عابد علی، احسن خان، سونیا حسین، حرا مانی، ماورا حسین اور شہزور سبزواری سمیت متعدد اسٹار کاسٹ سے سجے ڈرامے کے 2 ٹیزر گزشتہ شب سامنے آئے، جس میں کرداروں اور کہانی کی جھلک پیش کی گئی۔

پہلے ٹیزر میں سجل علی اور احد رضا میر کے کرداروں کے درمیان گھومتا دکھایا گیا ہے اور دونوں کی کیمسٹری بہترین نظر آئی ہے۔

یقین کے سفر کے بعد یہ جوڑی ایک بار پھر کسی ڈرامے کے لیے اکھٹی ہوئی ہے اور دونوں نے اپنے لب و لہجے اور رویوں سے کرداروں میں خود کو پرفیکٹ ظاہر کیا ہے۔

دوسرا ٹیزر میں تقسم برصغیر کے موقع کی کشیدگی کی جھلکیاں، تشدد وغیرہ کو دکھانے کے ساتھ محبت، رومان اور دیگر جذبوں کو بیان کیا گیا ہے۔

یہ ڈراما سپرہٹ سیریل 'اڈاری' کے ڈائریکٹر احتشام الدین نے ڈائریکٹ کیا ہے اور ٹیزر سے اندازہ ہوسکتا ہے کہ سینمافوٹوگرافی اور تفصیلات پر کافی توجہ دی گئی ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی خدیجہ مستور کے ناول 'آنگن' سے لی گئی ہے تاہم ڈائیلاگس مصطفیٰ رضوی نے تحریر کیے ہیں۔

اس ڈرامے کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل احسن خان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا تھا ’جو بات میں جانتا ہوں وہ یہ کہ اس ڈرامے کی کہانی کسی ایک ہیرو یا ہیروئن پر مبنی نہیں، اس میں متعدد کردار ہوں گے، کیوں کہ 6 سے 8 لوگوں کے گرد یہ کہانی گھومتی ہے، اور ہر کسی کا اپنا اہم کردار ہوگا‘۔

دوسری جانب ماورا حسین نے ڈان سے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ وہ ڈرامے میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جو ایک یا دو نہیں بلکہ تین مختلف مردوں سے رومانس کرتی ہیں۔

ماورا حسین کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامے میں سب سے اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستانی ڈراموں میں پہلے ایک خاتون کو 2 مردوں کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن ایک ہی خاتون کو تین مردوں سے رومانس کرتے ہوئے نہیں دکھایا گیا اور ایسا عمل پاکستانی ڈراموں میں تقریبا ناممکن ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘آنگن’ دیگر ڈراموں سے مختلف اور منفرد ہے، اس کی کہانی بھی دیگر ڈراموں سے الگ ہے۔

یہ ڈراما بہت جلد ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

ٹوئٹر پر بھی اس ڈرامے کے ٹیزر کے چرچے کافی زیادہ نظر آئے۔

۔

۔

۔

۔

۔

۔

تبصرے (0) بند ہیں