مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد آئندہ ماہ رکھا جائے گا

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2018
ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری کے پہلے ہفتے میں رکھا جائے گا—فوٹو: اے پی پی
ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری کے پہلے ہفتے میں رکھا جائے گا—فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتے میں مہمند ڈیم منصوبے کا آغاز کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کے دوران اس تقریب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنگ بنیاد جنوری کے پہلے ہفتے میں رکھا جائے گا اور اس تقریب میں وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ’ڈیمز کی تعمیر کیلئے جمع ہونے والے فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے‘

فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ 54 برس پرانہ منصوبہ بالآخر عمل درآمد کے مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ منصوبہ 5 برس کی مدت میں مکمل ہوگا، جس پر 300 سے 315 ارب روپے کی لاگت متوقع ہے۔

انہوں نے عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقے میں امن کی بحالی پر مسلح فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ اسی کی بدولت حکومت اس منصوبے پر کام شروع کرنے کے قابل ہوئی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈیم سے پشاور کے پانی کی ضرورت کے علاوہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 17 ہزار ایکڑ اراضی بھی سیراب کی جاسکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے درکار 315 ارب روپے بین الاقوامی قرض لیے بغیر مقامی ذرائع سے اکھٹے کیے جائیں گے جبکہ رواں سال کے بجٹ میں پہلے ہی اس منصوبے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔   اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ (ر) جنرل مزمل حسین کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں مجرمانہ غفلت کے باعث ہائیڈرو پاور منصوبوں پر توجہ دینے کے بجائے آزاد پاور پلانٹس پر توجہ مرکوز کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 1967 سے لیکر اب تک تربیلا ڈیم جیسے کسی بڑے پانی کے منصوبے پر کام کا آغاز نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے کابل اور سوات کے سنگم پر واقع مہمند ڈیم سیلاب کے بہاؤ میں کمی کا باعث ہوگا اور ’سب سے زیادہ عکسریت‘ پسندی سے متاثر ہونے والے علاقے میں زراعت کے لیے پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دیامر بھاشا، مہمند ڈیم کی تعمیر کا آغاز 2019 میں ہوگا، چیئرمین واپڈا

چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ فوج نے عسکریت پسندی پر قابو پایا جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قانونی مسائل کو حل کرنے میں مدد کی، جس کے باعث اس ڈیم پر کام کا آغاز ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے داسو ڈیم کے بارے میں بتایا کہ فنڈز اور زمین کی عدم دستیابی کے باعث یہ منصوبہ مسلسل تاخیر کا شکار ہوا تاہم اب دونوں معاملات حل ہونے کے بعد امید ہے کہ منصوبے کا پہلا فیز 23-2022 میں مکمل ہوجائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں