’سوشل میڈیا پر چیف جسٹس سے منسوب تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں‘

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2019
چیف جسٹس کے نام پر چلنے والے ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا عکس
چیف جسٹس کے نام پر چلنے والے ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا عکس

اسلام آباد: عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کے نام سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر چلنے والے اکاؤنٹس کے بارے میں وضاحتی بیان جاری کردیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام سے چلنے والے تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

مزید اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ معزز جج فیس بک اور ٹوئٹر کا کوئی اکاؤنٹ یا پیج استعمال نہیں کرتے اور نہ ہی سوشل میڈیا کی کسی اور ویب سائٹ پر ان کی کوئی آئی ڈی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کا تعارف

چناچہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں، پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام سے چلنے والے تمام اکاؤنٹس، آئی ڈیز اور پیجز بلاک کردیں۔

علاوہ ازیں اس قسم کی مذموم حرکات میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے، دلچسپ بات یہ ہے ان کے نام سے چلنے والے ایک جعلی اکاؤنٹ کو رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت، صحافی فریحہ ادریس اور چینی سفارتی عہدیدار نے بھی فالو کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ ان کے نام پر چلنے والے جعلی اکاؤنٹس نے 29 ہزار سے زائد فالوورز بھی بنا رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 18 جنوری کو چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تھا، وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پاکستان کی تاریخ کے 26 ویں جج ہیں۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹ جعلی ہے

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ برس سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام سے بھی سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

جس کے بعد سپریم کورٹ پاکستان کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ان کی سوشل میڈیا کی کسی بھی ویب سائٹ پر آئی ڈی اکاؤنٹ یا پیج ہونے کی تردید کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں