پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کیلئے دعوت نہ ملنے پر نجم سیٹھی افسردہ

15 فروری 2019
یہ زندگی ہے اور یہ چلتی رہتی ہے، نجم سیٹھی — فائل فوٹو
یہ زندگی ہے اور یہ چلتی رہتی ہے، نجم سیٹھی — فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں بورڈ کی جانب سے نہ بلائے جانے پر افسردہ دکھائی دیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ زندگی ہے اور یہاں ایسا چلتا ہے‘۔

نجم سیٹھی نے ایک ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ میں وکٹیں گرنے اور چھکے لگنے پر خوشی میں دبئی کے اسٹیڈیم میں ہونے والے شور کو بہت زیادہ یاد کروں گا۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی کامیابی سے متعلق کہا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھ کر اس ایونٹ کی ہر گیند دیکھوں گا اور لیگ کی کامیابی کی دعا کروں گا۔

نجم سیٹھی کو مخاطب کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ساتھ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور اماراتی حکام موجود ہیں لیکن پی سی بی شاید اس لیگ کا آغاز کرنے والے اہم ترین شخصیت کو بلانا بھول گئے جو بہت تکلیف دہ ہے۔

جس کے جواب میں نجم سیٹھی نے ٹوئٹ کیا کہ یہ زندگی اور یہاں ایسا چلتا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ڈان نیوز کے پروگرام ’ری پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بھی نجم سیٹھی نے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔

جب ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا انہیں پی سی بی نے لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے دبئی مدعو کیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں بورڈ نے میچز دیکھنے کے لیے دعوت نہیں دی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت لاہور میں ہی ہیں لیکن ان کا دل متحدہ عرب امارات میں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز کل (14 فروری) کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے ہوچکا ہے، جس میں دفاعی چیمپیئن 5 وکٹوں سے کامیاب رہی۔

پی ایس ایل 2019 کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں پاکستان اور بین الاقوامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں