ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد دورہ پاکستان مکمل کرکے روانہ

23 مارچ 2019
ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کی جیکٹ تحفے میں دی گئی—اسکرین شاٹ
ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کی جیکٹ تحفے میں دی گئی—اسکرین شاٹ

اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اپنے 3 روزہ کامیاب دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ ہوگئے، جہاں وزیر اعظم عمران خان نے انہیں رخصت کیا۔

21 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر اسلام آباد پہنچنے والے مہاتیر محمد نے اپنے دورے میں پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقات کی جبکہ یوم پاکستان کی خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی۔

یوم پاکستان کی خصوصی تقریب میں مہاتیر محمد نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی، جہاں انہیں مسلح افواج نے سلامی دی جبکہ انہوں نے شاندار پریڈ کو بھی دیکھا۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان پریڈ میں دوست ممالک کے دستوں کی بھرپور شرکت

اس پریڈ کے بعد مہاتیر محمد وطن واپسی کے لیے نورخان ایئربیس پہنچے، جہاں انہیں پہلے پاک فضائیہ کی جیکٹ تحفے میں دی گئی، جس کے بعد انہیں پاکستان کی پہچان لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں کافی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے دورے پر آنے والے ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کے اس طیارے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان 5 بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ملائیشیا کے وزیراعظم کیلئے 'نشان پاکستان' کا اعزاز

ساتھ ہی ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کی بھی دعوت دی گئی تھی اور وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا تھا کہ پاکستان دفاع نمائش میں جے ایف 17 طیاروں کی نمائش کرے گا۔

یاد رہے کہ اپنے 3 روزہ دورے میں مہاتیر محمد نے عمران خان سے ون آن ون ملاقات بھی کی تھی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس میں ان کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک خصوصی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہاتیر محمد کو پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں