سہ فریقی سیریز: بنگلہ دیش کی مسلسل تیسری کامیابی

ای میل

بنگلہ دیش پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے—فوٹو:اے ایف پی
بنگلہ دیش پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے—فوٹو:اے ایف پی

بنگلہ دیش نے آئرلینڈ میں جاری سہ فریقی سیریز کے چھٹے میچ میں فاسٹ باؤلر ابو جائید اور بلے بازوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان پورٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر اسٹرلنگ نے شان دار سنچری بنائی تاہم بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

روبیل حسین نے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی 23 رنز پر دلائی تھی جب 5 رنز پر کھیلنے والے جے اے مک کولم کو آؤٹ کیا جس کے بعد بالبیرین 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو آئرلینڈ کا اسکور 59 رنز تھا۔

ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان پورٹر فیلڈ خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور اسٹرلنگ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں ٹیم کو 233 تک لے کر گئے اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

پورٹر فیلڈ 94 رنز بنا کر سنچری سے محض 6 رنز دور رہے اور ابو جائید کی وکٹ بن گئے، کپتان کے بعد کیون اوبرائن 3 اور ایڈائر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسٹرلنگ نے 130 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے آوٹ ہوتے ہی دیگر بلے باز اس رفتار کو جاری نہ رکھ پائے۔

آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابوجائید نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے 117 رنز کا آغاز فراہم کیا اور دونوں اوپنرز تمیم اقبال اور لٹن داس نے بالترتیب 57 اور 76 رنز بنائے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے نصف سنچری بنائی جس کے بعد مشفق الرحیم 35 اور مصدق حسین 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں پر 43 اوور میں حاصل کرلیا۔

ابوجائید کو باؤلنگ میں اچھی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ہی سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہے۔

آئرلینڈ اب تک سیریز میں کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔