جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کے خلاف اپیل کیلئے آصف زرداری کو 2 ہفتوں کی مہلت

آصف زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں 8ویں کیس میں بھی ضمانت منظور ہوگئی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز
آصف زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں 8ویں کیس میں بھی ضمانت منظور ہوگئی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹس کیس بینکنگ کورٹ سے احتساب عدالت منتقل کرنے کے خلاف درخواست دائر کرنے کے لیے مزید 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت جعلی اکاؤنٹس کیس کو اسلام آباد کی احتساب عدالت منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

تاہم آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے اس فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ جانے کا ارادہ کیا تھا اور اس ضمن میں ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے کے لیے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس مہلت مانگی تھی۔

اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے جمع کروائی گئی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کا معاملہ احتساب عدالت کے نہیں بلکہ بینکنگ کورٹ کے دائر اختیار میں آتا ہے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل، آصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منسوخ

درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ کیس سے منسلک دستاویزات حاصل کرنے کے لیے مزید مہلت درکار ہے، جبکہ تفصیلی وجوہات کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں، اس لیے اپیل دائر کرنے کیلے 2 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست پر انہیں مزید 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔

آصف زرداری کی آٹھویں کیس میں بھی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں دائر آٹھویں کیس میں بھی ضمانت منظور کرلی جبکہ انہیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران آصف علی زرداری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے انہیں 23 مئی کو طلب کیا ہے اور اس موقع پر ان کی گرفتاری کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے آصف علی زرداری کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی جس پر ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ رقم بہت زیادہ ہے اسے کم کیا جائے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ رقم زیادہ ہے؟ جس پر فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ جی ہاں بیلنس ختم ہوگیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانتی مچلکے کم کرتے ہوئے صرف 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 15 مئی کو عدالت عالیہ نے نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کے خلاف دائر جاری 6 کرپشن کے کیسز میں عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹ کیس میں 3 ملزمان کے وارنٹ جاری

اس سے قبل آصف علی زرداری اور فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، تاہم اس دوران سندھ میں قید ملزمان عدالت میں پیش نہیں کیے جاسکے۔

عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ اور جیل سپرنٹنڈنٹ ملیر کو توہین عدالت کے بارے میں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت نے نیب سے سندھ حکومت کو لکھے گئے خطوط کی نقول طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں