بھارتی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ، ایک کشمیری شہید، 70 زخمی

اپ ڈیٹ 30 مئ 2019
اضطرابی صورتحال میں گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا—تصویر اے ایف پی
اضطرابی صورتحال میں گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا—تصویر اے ایف پی

سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظاہرین کی جانب سے حریت پسندوں کو بھارتی فوج کے محاصرے سے نکالنے میں مدد دینے فراہم کرنے کے دوران جھڑپوں میں ایک کشمیری شہید اور 70 افراد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس جب سے حریت پسندوں کی حمایت میں کیے جانے والے مظاہروں میں شدت آئی ہے ایسا بہت کم ہوا ہے کہ وہ فوجی آپریشن سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوپائے ہوں۔

واضح رہے کہ حریت پسند بھارت کے زیر تسلط کشمیر کی آزادی یا خطے کا پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں اور اس کے لیے وادی میں تعینات 5 لاکھ بھارتی فوجیوں سے برسرِ پیکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی درندگی سے اگست میں 34 افراد جاں بحق

جنوبی کشمیر کے علاقے کلگام میں ہزاروں افراد بدھ کے روز اس وقت سڑکوں پر نکل آئے جب انہیں اطلاع ملی کے ایک گھر کے اندر موجود 2 حریت پسندوں اور بھارتی فوجیوں کے درمیان مسلح جھڑپ جاری ہے۔

حکام کے مطابق اس دوران ’مظاہرین نے بھارتی فورسز پر پتھر برسا کر جنگجوؤں کو بحفاظت نکلنے کے لیے ڈھال فراہم کی‘۔

عینی شاہدین اور ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو پچھے دھکیلنے کے لیے ان پر شاٹ گن پیلیٹس اور براہِ راست گولیاں برسائیں، جس کے بعد 50 مظاہرین کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری شہید

اس حوالے سے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ’کشیدہ صورتحال میں گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تاہم جنگجو بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے کیوں کہ ملبے میں کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی‘۔

عہدیدار کا دعویٰ تھا کہ ’صرف 3 لوگ زخمی ہوئے جس میں سے ایک کو گولی اور 2 کو آنکھوں میں پیلٹس لگیں، تعداد میں فرق کی وضاحت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خراشوں کو زخم میں شمار نہیں کیا جاسکتا‘۔

بعد ازاں ضلع شوپیاں میں فوج نے حریت پسندوں کی تلاش میں ایک رہائشی علاقے کا محاصرہ کیا تو وہاں بھی گاؤں کے سیکڑوں رہائشیوں کی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ سے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ

اس ضمن میں ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ’حکومتی فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے جبکہ فوجی اہلکاروں اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں ایک جنگجو بھی جاں بحق ہوا‘۔


یہ خبر 30 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں