ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچانے میں مددگار سنت نبوی

11 ستمبر 2019
یہ بات سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

ایک سنت بنوی پر عمل کرکے آپ دل کی بیماریوں کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں۔

جی ہاں ہفتے میں ایک یا 2 بار قیلولہ یا دوپہر کی نیند صحت مند دل کا راز ہے۔

یہ بات سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ ہفتے میں ایک یا 2 بار دوپہر کی مختصر نیند سے لطف اندوز ہوتے ہیں ان میں جان لیوا امراض جیسے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس عادت کے نتیجے میں ذہنی تناﺅ میں کمی آتی ہے جس سے خون کی شریانوں کے نظام کی صحت کو فائدہ پہنچتا ہے۔

لوزیانے یونیورسٹی ہاسپٹل کی تحقیق میں 35 سے 75 سال کی عمر کے 3 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ اوسطاً 5 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار 5 منٹ سے ایک گھنٹے قیلولہ کرنے والے افراد میں ہارٹ اٹیک، فالج یا ہارٹ فیلیئر کا خطرہ دوپہر کو نہ سونے والوں کے مقابلے میں 48 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

تاہم محققین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار سے زیادہ قیلولہ کرنے والوں میں یہ خطرہ کم نہیں ہوتا بلکہ دوپہر کو زیادہ سونے کی عادت کسی قسم کے طبی مسائل کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔

ہفتے میں ایک یا 2 بار قیلولے کی عادت سے ہارٹ اٹیک یا فالج سے بچنے کا فائدہ ان افراد کو بھی حاصل ہوتا ہے جو اس کا باعث بننے والے عناصر جیسے تمباکو نوشی کے عادی ہوں۔

محققین کا کہنا تھا کہ قیلولے کے حوالے سے تحقیق چیلنجنگ تھی مگر یہ عوامی صحت کے اثرات کے حوالے سے ایک مثبت پیشرفت بھی ہے، مگر اب بھی جواب سے زیادہ سوالات ہیں، اور یہ وقت ہے جب قیلولے کی صحت مند دل کے لیے طاقت کو دریافت کیا جائے۔

کچھ عرصے قبل اس حوالے سے ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دوپہر کو کچھ دیر سونے کی عادت بلڈ پریشر کو طویل المعیاد بنیادوں پر کنٹرول میں مدد دیتی ہے۔

بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنا امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس نئی تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ہارٹ میں شائع ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں