امام الحق کا سرفراز احمد پر منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019
امام الحق نے سندھ کی ٹیم پر منفی باؤلنگ کرے کا الزام عائد کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
امام الحق نے سندھ کی ٹیم پر منفی باؤلنگ کرے کا الزام عائد کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق نے قائد اعظم ٹرافی میں سرفراز احمد کی زیر قیادت کھیلنے والی سندھ کی ٹیم پر منفی باؤلنگ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

قائد اعظم ٹرافی میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے امام الحق نے میچ کے تیسرے دن 269 گیندوں پر 111 رنز بنائے تھے اور پریس کانفرنس کے دوران جب صحافی کی جانب سے سست بیٹنگ کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چائے کے وقفے کے بعد میچ دیکھ لیتے تو اچھا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ٹیم نے چائے کے وقفے کے بعد سندھ کی ٹیم نے منفی باؤلنگ شروع کردی تھی تو اگر میں یا میرا کپتان غلط شاٹ مار کر آؤٹ ہو جاتا تو ہم دباؤ میں آ جاتے۔

امام نے کہا کہ سندھ کی ٹیم نے اتنی منفی باؤلنگ شروع کردی تھی کہ امپائر نے کئی مرتبہ وائیڈ کے بھی اشارے کیے، ہمیں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنی چاہیے اور وہ کام کرنے چاہئیں جس سے فرسٹ کلاس کرکٹ اچھی ہو ناکہ ایک پوائنٹ بچانے کے چکر میں منفی فیلڈ لے لیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا ملک میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہترین اقدام ہے اور اللہ کرے کہ ساری چیزیں ٹھیک ہوں اور ٹیم بھیجنے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی میچز میں زیادہ رنز بننے کے حوالے سے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ یہ وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں جبکہ سیزن شروع ہوا ہے تو باؤلرز بھی زیادہ لمبی باؤلنگ کرنے کے عادی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ سیزن میں ڈیوک کی جگہ کوکابورا کی گیند بھی استعمال ہو رہی ہے جس کی وجہ سے باؤلرز زیادہ محنت کرنی پڑے گی لیکن لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب اس کے عادی ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے بغیر ہی ختم ہو گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں