کوہلی کی شاندار بیٹنگ، جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی20 میں شکست

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
ویرات کوہلی نے 72رنز کی اننگز کے دوران چار چوکے اور تین چھکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے 72رنز کی اننگز کے دوران چار چوکے اور تین چھکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

موہالی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو چوتھے اوور میں ریزا ہینڈرکس 4 رنز بنانے کے بعد دیپک چاہر کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس موقع پر کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ دینے ٹیمبا باووما آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 57رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر ویرات کوہلی نے نودیب سینی کی گیند پر ڈی کوک کا شاندار کیچ لے کر ان کی 52رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

ابھی جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ وین ڈر ڈوسن بھی صرف ایک رن بنا کر رویندرا جدیجا کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

باووما نصف سنچری سے ایک رن کی دوری پر دیپک چاہر کا شکار بنے جبکہ ڈیوڈ ملر بھی پوری اننگز میں مزاحمت کرتے نظر اور 18رنز ہی بنا سکے۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے دیپک چاہر 2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم بھی جلد ہی پہلی وکٹ سے محروم ہو گئی اور 31 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر کپتان ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون نے 61رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، دھاون 40رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ریشابھ پانٹ ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 4 رنز بنا سکے لیکن کوہلی نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شریاس آئیر کے ساتھ 47رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی میچ میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

کوہلی نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین ناقابل شکست 72رنز کی اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں