سری لنکا نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
سری لنکا نے اکتوبر 2017 میں ٹی20 میچ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا نے اکتوبر 2017 میں ٹی20 میچ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی اور ساتھ ہی سری لنکا کی وزارت دفاع نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔

سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ وزارت دفاع نے منگل کو دورہ پاکستان کے حوالے سے گرین سگنل دیتے ہوئے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی۔

مزید پڑھیں: حکومت پاکستان کی یقین دہانی کے بعد پاک-سری لنکا سیریز کے امکانات روشن

انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ منصوبہ بندی کے تحت ہی ہو گا، مجھ سمیت چند عہدیدار بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان جائیں گے۔

گزشتہ ہفتے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کی صورت میں دہشت گرد حملے کی دھمکی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد یہ دورہ کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔

اس موقع پر حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گردی کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کا پاکستان میں 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا اعلان

اس حملے میں 6 پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز زخمی بھی ہوئے تھے۔

اس حملے کے بعد 8 سال بعد سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹی20 میچ کھیلنے راضی ہوئی اور اکتوبر 2017 میں پاکستان آ کر ٹی20 میچ کھیلا تھا۔

گزشتہ ماہ ڈی سلوا نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکیورٹی ماہرین کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان نے ہماری ٹیم کو سربراہ مملکت سطح کی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن

یاد رہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب سری لنکن ٹیم کے 10 اہم کھلاڑی پہلے ہی دورہ پاکستان سے انکار کر چکے ہیں۔

سری لنکن ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کے لیے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔

سری لنکن ٹیم پاکستان آمد کے بعد 27 ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے گی جس کے بعد سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 5 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد بقیہ دونوں میچز کی میزبانی کی بھی قذافی اسٹیڈیم 7 اور 9 اکتوبر کو کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں