فیصل آباد میں غیر قانونی ایکسچینج پر چھاپہ، 3 ملزمان گرفتار

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2019
چھاپے کے دوران ہزاروں موبائل فون سم کارڈ، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
چھاپے کے دوران ہزاروں موبائل فون سم کارڈ، اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی مدد سے فیصل آباد میں قائم غیر قانونی ایکسچینج پر چھاپہ مار کر 3 افراد کو گرفتار کر کے ان سے برآمد ہونے والے سامان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

جمعرات کو پی ٹی اے نے ایف آئی اے کی مدد سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی ایکسچینج کھول کر انٹرنیشنل کالز کرنے والے گروہ کو گرفتار کر کے ان سے بڑی تعداد میں سامان برآمد کر لیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی، 42 کروڑ روپے برآمد

پی ٹی اے نے دونوں اداروں کے تعاون سے فیصل آباد کے راز آباد بلاک کے بازار نمبر ایک میں قائم غیرقانونی ایکسچینج پر چھاپہ مارا اور 3 ملزمان کو گرفتار کر کے غیرقانونی کالز کے لیے استعمال کیے جانے والے سامان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

ملزمان کی تحویل سے 19 آپریشنل غیر قانونی گیٹ ویز، تقریباً 5 ہزار سم کارڈ، 11 راؤٹرز، 4 اسمارٹ فونز، 14 انٹرنیٹ ڈیوائسز اور 18 لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان برآمد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا منی لانڈرنگ روکنے کیلئے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ

پی ٹی اے نے غیرقانونی ایکسچینج اور انٹرنیشنل کالز کرنے والوں کے خلاف مسلسل نگرانی کی بدولت یہ کامیاب کارروائی کی اور مستقبل میں بھی غیرقانونی کاموں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Sep 19, 2019 08:31pm
5ہزار سم کارڈز.... ان کے پاس کہاں سے آگئے، یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔