فٹبال کے فروغ کیلیے سابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کی پاکستان آمد

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2019
عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کارلوس پایول، لوئس فیگو، نکولس آنیلکا اور کاکا پاکستانی ٹیم کے کپتان صدام حسین کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کارلوس پایول، لوئس فیگو، نکولس آنیلکا اور کاکا پاکستانی ٹیم کے کپتان صدام حسین کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے عالمی شہرت یافتہ سابق فٹبالر لوئس فیگو، کارپوس پایول، کاکا اور نکولس آنیلکا آج کراچی پہنچ گئے۔

چاروں عالمی شہرت یافتہ آج علی الصبح کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل منتقل کیا گیا۔

ابتدائی شیڈول کے مطابق ان اسٹارز کو کراچی میں ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرنی تھی لیکن سیکیورٹی خدشات کے سبب انہیں براہ راست ہوٹل پہنچا دیا گیا جس کے سبب ایئرپورٹ ان کے استقبال کے لیے موجود شائقین کو بھی شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

چاروں اسٹارز نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پرتگال کے فیگو، برازیل کے کاکا، اسپین کے پایول اور فرانس کے آنیلکا آج دوپہر ڈولمین مال پہنچے اور شائقین سے گفتگو کی جبکہ شام میں راحت اسٹیڈیم میں کراچی کے مقامی فٹبال کلب کے مدمقابل ہوئے۔

اس موقع پر عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا جنہوں نے انٹرنیشنل فٹبالرز کو خوب داد دے کر فٹبال سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ یہ تمام اسٹار کل لاہور میں بھی نمائشی میچ میں شرکت کریں گے۔

یہ ایونٹ رواں سال اپریل میں شیڈول تھا لیکن بعدازاں منتظمین نے چند وجوہات کے پیش نظر شیڈول کو تبدیل کردیا تھا۔

یاد رہے کہ ان چاروں اسٹارز نے رواں سال کے آغاز میں بھی ایونٹ کی تشہیر کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یہ پاکستان میں گزشتہ تین سال میں دوسرا موقع ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹارز نمائشی میچ کے لیے یہاں آئے ہیں۔

جولائی 2017 میں کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کا ناعقاد کیا گیا تھا جس میں آنیلکا کے ساتھ ساتھ سابق عظیم برازیلین اور انگلش فٹبالرز رونالڈینو اور ریان گگز ایکشن میں نظر آئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں