طالبان قیدیوں کا غیر ملکی پروفیسرز کے ساتھ تبادلہ مؤخر

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2019
طالبان ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے قیدیوں کو دوحہ کیوں روانہ نہیں کیا گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی
طالبان ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے قیدیوں کو دوحہ کیوں روانہ نہیں کیا گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی

پشاور: افغان حکومت کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے 2 مغویوں کا 3 طالبان قیدیوں کے ساتھ تبادلہ موخر کردیا گیا ہے جبکہ طالبان ذرائع نے بتایا کہ عسکری گروہ نے مغویوں کو ’نئے اور محفوظ مقام‘ پر منتقل کردیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ طالبان کے عسکری گروپ حقانی کے 3 رہنماؤں کا تبادلہ یونیورسٹی کے 2 پروفیسرز سے کریں گے جس میں ایک امریکی کیون کنگ اور ایک آسٹریلوی ٹموتھی ویک شامل ہیں۔

مذکورہ معاہدے کو افغان حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے حوالے سے خاصہ اہم سمجھا جارہا تھا جو کابل حکومت کو کٹھ پتلی قرار دے کر ان کے ساتھ بات چیت سے انکار کررہے تھے۔

تاہم واشنگٹن میں موجود سفارت کار کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد کا تبادلہ نہیں ہوسکا اس ضمن میں جمعے کے روز ایک افغان عہدیدار نے بتایا کہ اسے موخر کردیا گیا ہے اور مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ التوا کا شکار

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس معاملے میں التوا کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ نہ ہونے کے پیچھے امریکا قصوروار ہے۔

اس سلسلے میں حقانی نیٹ ورک کے رہنما کے بھائی انس حقانی کے رشتہ دار سمیت 3 طالبان ذرائع نے بتایا کہ عسکری کمانڈرز کو رہا کر کے قطر روانہ کیا جانا تھا لیکن انہیں افغان دارالحکومت کابل سے دور بگرام جیل میں واپس بھیج دیا گیا۔

انس حقانی کے رشتہ دار نے بتایا کہ ’ہماری ان سے اس وقت بات ہوئی تھی جب انہیں بگرام جیل سے نکالا گیا تھا اور انہیں نئے کپڑے بھی دیے گئے تھے تاہم معاملے کی حساسیت کے پیشِ نظر انہوں نے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے ہمیں بتایا کہ طالبان اراکین کو طیارے میں سوار کروانے کے لیے لے جایا جارہا ہے اور ہم دوحہ میں ان کی آمد کا انتظار کرتے رہے لیکن کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد ہمیں شبہ ہوا‘۔

مزید پڑھیں: امریکی،آسٹریلوی پروفیسرز کی رہائی کیلئے 3 طالبان رہنماؤں کو رہا کردیا،افغان صدر

مزید ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے جیل میں طالبان قیدیوں اور افغان سیکیورٹی فورسز کے اراکین سے قیدیوں کے واپس بگرام جیل منتقلی کے بارے میں سنا، اس اقدام نے طالبان کو ’حیران اور دل گرفتہ‘ کردیا ہے۔

اس معاملے سے باخبر تیسرے ذرائع نے کہا کہ ’معاہدہ یہ تھا کہ جب ہمارے قیدی قطر پہنچ جائیں گے تو ہم ان کے قیدی رہا کردیں گے‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمانڈرز کے قطر نہ پہنچنے پر طالبان نے فوری طور پر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کو ’ایک نئی اور محفوظ جگہ‘ منتقل کردیا۔

طالبان ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے قیدیوں کو دوحہ کیوں روانہ نہیں کیا گیا جبکہ افغان حکومت اور کابل میں موجود امریکی سفارت خانے نے اس حوالے سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

ادھر آسٹریلوی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شہری کی رہائی کی کوشش کے حوالے سے ’لمحہ بہ لمحہ‘ آگاہ نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-افغان تعلقات بہتر بنانے کیلئے کابل میں مذاکرات

خیال رہے کہ حقانی نیٹ ورک کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران افغان شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے کے عسکری حملے کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ٹموتھی ویکس اور کیون کنگ کو افغان دارالحکومت کابل میں قائم امریکی یونیورسٹی کے باہر سے اگست 2016 میں اغوا کیا گیا تھا۔

جس کے بعد ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ کمزور اور بدحال نظر آرہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی رہائی کی اپیل کی تھی۔


یہ خبر 16 نومبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں