وزیر اعظم عمران خان کا بابر اعظم کے نام پیغام

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2019
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے پی
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے پی

قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کا شمار اس وقت دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر ان کے مداحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس میں نیا نام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 5رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کی پہلی اننگز میں بابر ناکامی سے دوچار ہوئے لیکن انہوں نے دوسری اننگز میں اپنے ناقدین کے منہ بند کرتے ہوئے سب کو داد دینے پر مجبور کردیا۔

قومی ٹیم کی دوسری اننگز میں تین وکٹیں جلد گر گئی تھیں لیکن اس کے بعد بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان کے ہمراہ شاندار شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سنچری بھی اسکور کی۔

بابراعظم اپنی سنچری کے باوجود پاکستان کو شکست سے تو نہ بچا سکے لیکن اس کی بدولت انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے کھلاڑیوں سے داد وصول کی، جن میں سب سے نمایاں نام قومی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔

بابر اعظم پہلی اننگز میں ناکام ہوئے لیکن دوسری اننگز میں انہوں نے ناقدین کے منہ بند کردیے۔ فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم پہلی اننگز میں ناکام ہوئے لیکن دوسری اننگز میں انہوں نے ناقدین کے منہ بند کردیے۔ فوٹو: اے ایف پی

میچ کے چوتھے دن کمنٹری کےدوران قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں بابراعظم کے لیے پیغام دیا ہے کہ بابراعظم شاندار تکنیک کے حامل بہترین بیٹسمین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عمدہ تکنیک کے حامل بابر کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں