پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں کھاتا کھولنے میں ناکام

02 دسمبر 2019
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ شکست کے سبب پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں کھاتا کھولنے میں ناکام رہی اور آسٹریلیا نے سیریز میں کامیابی کی بدولت 120پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ تھی اور یہ پاکستان کی چیمپیئن شپ میں پہلی سیریز تھی جہاں دونوں میچوں میں شکست کے سبب پاکستانی ٹیم 120پوائنٹس حریف ٹیم کو دے بیٹھی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین سرزمین پر لگاتار 5واں کلین سوئپ اور نیا عالمی ریکارڈ

9 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ہر سیریز کے 120پوائنٹس ہیں اور انہیں میچوں کی تعداد کے حساب سے فی میچ مساوی تقسیم کیا جاتا ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پانچوں میں ہر میچ کے 24پوائنٹس تھے لیکن پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں دو میچ ہونے کے سبب ہر میچ کے 60پوائنٹس تھے۔

ایشز سیریز 2-2 سے برابر کرنے والی آسٹریلین ٹیم نے سیریز کا آغاز کیا تو اس کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 56پوائنٹس تھے لیکن دونوں میچوں کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا کے چیمپیئن شپ میں مجموعی پوائنٹس کی تعداد 176ہو گئی ہے۔

پاکستان کی ٹیم دونوں میچوں میں شکستوں کے سبب اب تک چیمپیئن شپ میں اپنا کھاتا کھولنے کا انتظار کر رہی ہے اور اس کے صفر پوائنٹس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو اننگز اور 48رنز سے شکست، آسٹریلیا کا کلین سوئپ

ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں فتوحات حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم 360پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں واضح فرق کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہونے سبب دونوں ٹیموں کے 60، 60 پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کی طرح بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے بھی صفر پوائنٹس ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس کی حامل دو بہترین ٹیمیں جون 2021 میں برطانیہ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں