کراچی ٹیسٹ: پاکستان کی شاندار بیٹنگ، سری لنکا پر 315 رنز کی برتری

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2019
عابد علی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنا کر ریکارڈ بنا دیا—فوٹو:اے ایف پی
عابد علی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنا کر ریکارڈ بنا دیا—فوٹو:اے ایف پی
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر 80رنز کی  برتری حاصل کرلی تھی  — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر 80رنز کی برتری حاصل کرلی تھی — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

عابد علی اور شان مسعود کی شان دار بلے بازی کی بدولت نے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 385 رنز بنا کر 315 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو قومی ٹیم نے 57 رنز سے اپنی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے 278 رنز کی بڑی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا ۔

تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو عابد علی 32 اور شان مسعود 21 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تاہم دونوں بلے بازوں نے اپنے کیریئر نے دوسری سنچریاں مکمل کیں۔

شان مسعود 135 رنز بناکر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی دوسرے اینڈ سے اوپنر عابد علی نے بھی مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں دوسری سنچری مکمل کرکے ایک اور ریکارڈ بنا لیا۔

یاد رہے کہ عابد علی اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے تاہم اب وہ لگاتار دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری بناکر پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔

کراچی ٹیسٹ کا تیسرا دن مکمل ہوا تو پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 395 رنز بنائے تھے جبکہ کپتان اظہر علی 57 اور بابراعظم 22 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں 315 رنز کی برتری حاصل کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔

سری لنکا کے باؤلر تیسرے روز متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پاکستان کے صرف دو وکٹیں حاصل کرپائے اور دونوں وکٹیں کمارا کے نام رہیں۔

گزشتہ روز سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر 80 رنز کی قیمتی برتری حاصل کرلی تھی جبکہ پاکستانی باؤلرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

مزید پڑھیں: سری لنکا 271 رنز پر آؤٹ، پاکستان کا دوسری اننگز میں پراعتماد آغاز

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 اور محمد عباس نے 4وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 43رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے حصے میں بھی کوئی وکٹ نہیں آئی۔

پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا تھا اور دوسرے روز کا اختتام قومی ٹیم کے لیے بغیر کسی نقصان کے ہوا تھا جو تیسرے روز کے لیے نیک شگون ثابت ہوا۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئی تھی اور پوری ٹیم 191رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے جہاں فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹیم 191رنز پر ڈھیر، سری لنکا 64رنز پر تین وکٹوں سے محروم

راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے والی بارش کی آنکھ مچولی کے باعث برابری پر ختم ہوا تھا لیکن پاکستان کے بلے باز عابد علی نے سنچری بنا کر اپنی بہترین فارم کا ثبوت دیا تھا۔

تاہم قومی ٹیم یہ ٹیسٹ میچ جیت کر 10 سال بعد ملک میں ہونے والی ٹیسٹ سریز کو فتح کے ساتھ یادگار بنانا چاہتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں