متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 5 سالہ سیاحتی ویزے کی منظوری

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2020
چند ممالک کو متحدہ عرب امارات کے 90 روزہ ویزے کی سہولت حاصل ہے—فائل/فوٹو: اے پی
چند ممالک کو متحدہ عرب امارات کے 90 روزہ ویزے کی سہولت حاصل ہے—فائل/فوٹو: اے پی

متحدہ عرب امارات نے ملک میں داخلے کے لیے پہلی مرتبہ 5 سالہ سیاحتی ویزا جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

متحدہ عرب امارات کی ویب سائٹ دی نیشنل کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد کی زیر صدارت نئے سال میں کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، جہاں نئی ویزا پالیسی کی منظوری دی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت متحدہ عرب امارات میں چند ممالک کے سیاح فری ویزا پالیسی کے تحت 90 دنوں تک کے لیے سیر و تفریح کے لیے داخل ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات اور سعودیہ کا مشترکہ ویزا جاری کرنے کا عندیہ

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے سیاحت کی مقامی صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے اور رہائشیوں کو اپنے ملک سے رشتہ داروں کو دورے کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ نئی ویزا پالیسی سے سیاحوں کو 5 سال کے دوران کئی مرتبہ متحدہ عرب امارات آنے کی اجازت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد امارات کو دنیا کا اہم سیاحتی مقام بنانا ہے اور یہ ملک کے اگلے 50 سالہ وسیع ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے۔

دبئی کے حکمران نے کہا کہ ‘2020 ایک مختلف سال ہوگا کیونکہ یہ اگلے 50 سال کے لیے تیاری کا سال ہے جس میں ہم متحدہ عرب امارات کے مستقبل کو وضع کریں گے’۔

شیخ محمد بن راشد نے ویزا پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویزا پالیسی تمام ممالک کے لیے ہوگی جبکہ وزرا نے گزشتہ برس میں حاصل ہونے والے اہداف کا بھی جائزہ لیا۔

کابینہ اجلاس کے بعد ویزا درخواست کی فیس کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی اور مزید تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں:متحدہ عرب امارات کا تارکین وطن کو مستقل رہائش دینے کا فیصلہ

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی موجودہ ویزا پالیسی کے تحت برطانیہ، آئرلینڈ، آسٹریلیا، چین اور ہانگ کانگ سمیت دیگر چند ممالک کے سیاح متحدہ عرب امارات پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

یورپی یونین کے اراکین، روس، جنوبی کوریا، ارجنٹینا اور برازیل سمیت دیگر ممالک کے شہری 90 روز تک کا ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کے خواہش مند دیگر ممالک کے شہریوں کو 48 گھنٹے کے لیے 10 ڈالر یا 96 گھنٹوں کے لیے 30 ڈالر اور 30 دنوں کے ویزے کے لیے 90 ڈالر کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے، اس فہرست میں پاکستان، بھارت اور فلپائن سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں