امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

19 جنوری 2020

ای میل

ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی
ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچی ہیں—فائل/فوٹو:اے ایف پی

امریکا کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز سری لنکا اور بھارت کے بعد 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز ابوظہبی سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں اس سے قبل انہوں نے سری لنکا اور بھارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایلس ویلز اس دورے میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گی اور پاک-امریکا تعلقات، افغان مفاہمتی عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:امریکا کی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز 19 جنوری کو پاکستان آئیں گی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت ان ملاقاتوں میں مسئلہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ خطے میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات کا معاملہ اٹھائے گی اور اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی گفتگو ہو گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے اور کرفیو کے خاتمے پر زور دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اعلیٰ سفارت کار سے بھارت میں متنازع شہریت بل، جنوبی ایشیا میں کشیدگی پر بھی بات ہوگی اور بھارت میں ہندتوا راج، مسلمان مخالف نفرت انگیز اور پرتشدد کارروائیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایلس ویلز جنوبی ایشیا کے دورے میں پہلے مرحلے میں 13 جنوری کو سری لنکا پہنچی تھیں جس کے بعد 15 جنوری کو بھارت کے دورے پر آگئی تھیں۔

مزید پڑھیں:افغان مفاہمتی عمل:ایلس ویلز، زلمے خلیل زاد پاکستان آئیں گے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ سے 10 جنوری کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایلس ویلز 2019 میں امریکا اور بھارت کے کامیاب مذاکرات کے بعد امریکا-بھارت کی اسٹریٹجک گلوبل پارٹنر شپ کو آگے بڑھانے کے لیے بھارتی حکام سے ملاقات بھی کریں گی جبکہ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے ارکان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گی۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد بھی دورہ پاکستان میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ایلس ویلز نے اس سے قبل گزشتہ برس اپریل میں امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے ہمراہ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔