گوگل نے اپنی مقبول ترین میپس ایپس کو مکمل بدلنے کا اعلان کیا ہے جس میں نئے فیچرز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

گوگل میپس کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل کی جانب سے اس ایپ کے ری ڈیزائن ورژن کو متعارف کرایا گیا۔

اس ری ڈیزائن کے بعد اب ایپ میں نیچے 5 ٹیبز دیئے جائیں گے جن میں ایکسپلور، کمیوٹ، سیوڈ، کنٹری بیوٹ اور اپ ڈیٹس شامل ہیں۔

کنٹری بیوٹ ٹیب میں لوگ گوگل کو مقامی تفصیلات جیسے ٹریفک کی صورتحال فراہم کرسکیں گے جبکہ اپ ڈیٹ ٹیب میں مقامی ٹریول گائیڈز یا مضامین کے ذریعے مقامات کے بارے میں بتایا جائے گا۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

ایک نیا فیچر ٹرانزٹ ایٹروبیٹ بھی متعارف کرایا جارہا ہے جو لوگوں کو پبلک ٹرانزٹ کی صورتحال کے بارے میں اس میں سفر کرنے والے افراد کی شیئر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ایپ کا لوگو اور آئیکون میں بھی نیا دیا جارہا ہے اور اب یہ گوگل کے مخصوص رنگوں کے میپنگ پن کی شکل میں ہوگا۔

گوگل میپس کی سنیئر نائب صدر جین فٹزپیٹرک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا 'جب ہم نے دنیا کے لیے میپ کو متعارف کرایا تو ہم جانتے تھے کہ یہ ایک چیلنج ہے، مگر 15 سال بعد بھی میں اب تک حیران ہوں کہ یہ کتنا بڑا ٹاسک ہے'۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران گوگل کی جانب سے میپس کو نیوی گیشن ٹول کی بجائے اطلاعات کا ہب بنانے کی کوشش کی گئی، یعنی ٹرانسلیٹ فیچرز، فوڈ ڈیلیوری اور ہوائی پروازوں کے ساتھ ہوٹل بکنگ کی تفصیلات کا اضافہ کیا گیا۔

گزشتہ سال دسمبر میں گوگل نے انکشاف کیا تھا کہ گوگل ارتھ کی بدولت اب میپس ایپ اب دنیا کے 98 فیصد سے زائد حصے کو کور کررہی ہے اور اب تک ایک کروڑ میل طویل اسٹریٹ ویو امیجری جمع کی جاچکی ہے۔

ایک کروڑ میل کے حوالے سے بات کی جائے تو گوگل کا کہنا تھا کہ یہ فاصلہ اتنا ہے کہ جتنا کوئی دنیا کے گرد 400 سے زائد بار چکر لگالے اور گوگل ارتھ میں صارفین کو 36 ملین اسکوائر میل سے زائد سیٹلائیٹ امیجری میں براﺅز کی سہولت دستیاب ہے۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے گزشتہ سال لائیو ویو نامی ٹول متعارف کرایا تھا جو اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے اور حقیقی دنیا کی تصاویر پر ڈیجیٹل گرافکس کا اضافہ کرتا ہے اور اب کمپنی نے بتایا ہے کہ آنے والے مہینوں میں یہ ٹول مزید صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں