کورونا وائرس کا خطرہ: 'انگلش پلیئرز دورہ سری لنکا میں ہاتھ نہیں ملائیں گے'

اپ ڈیٹ 04 مارچ 2020
انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچ چکی ہے— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچ چکی ہے— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ ان کے کھلاڑی دورہ سری لنکا میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کسی سے بھی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

ڈان اخبار میں فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سری لنکا روانگی سے قبل روٹ سے کورونا وائرس کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں پورے اسکواڈ کے بیماریوں کا شکار ہونے کے سبب ہم کم سے کم رابطے کی افادیت سے واقف ہیں اور جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہماری طبی ٹیم نے ہمیں بہت مفید مشورے دیے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’اب کوئٹہ والوں کو شین واٹسن سے بات کرنی ہوگی‘

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم پیٹ اور نزلے کی بیماریوں کا شکار ہو گئی تھی۔

جو روٹ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملائیں گے جبکہ ہم مستقل ہاتھ دھو رہے ہیں، ابھی دورہ متاثر ہونے کا اندیشہ نہیں لیکن ہم موجودہ صورتحال پر حکام سے رابطے میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دورہ منصوبے کے مطابق انجام کو پہنچے گا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دورہ سری لنکا مین پہلے دو پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: یورو کپ 2020 کا انعقاد بھی خطرے میں پڑگیا

یاد رہے کہ دو سال قبل انگلینڈ نے سری لنکا میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن جو روٹ کو لگتا ہے کہ اس مرتبہ سری لنکن ٹیم سخت حریف ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سال کے جس حصے میں یہاں آئے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے کنڈیشنز مختلف ہوں گی، دو سال قبل بھی جو میچز کھیلے گئے تھے وہ بہت دلچسپ تھے اور تمام میچوں میں کامیابی کا مارجن 60رنز سے کم تھا۔


کورونا وائرس سے متعلق مزید اہم خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں